سندھ حکومت کی جانب سے کامیڈین عمر شریف کا مکمل علاج کرانے کا اعلان

September 12, 2021

کراچی(این این آئی)سندھ حکومت نے معروف اداکار اور کامیڈین عمر شریف کا مکمل علاج کرانے کا اعلان کر دیا۔اس ضمن میں وزیر ثقافت سندھ سردار شاہ نے کہا کہ عمر شریف جس اسپتال میں جہاں علاج کرانا چاہیں سندھ حکومت مدد کرے گی۔انہوں نے کہا کہ عمر شریف ہمارا قومی اثاثہ ہیں ان کی بیماری کا سن کر افسردہ ہوں، ہماری نیک خواہشات عمر شریف کے ساتھ ہیں،امید ہے کہ وہ جلد ہی ٹھیک ہو جائیں گے۔دریں اثناء عمر شریف کی اہلیہ زرین عمر نے کہا ہے کہ عْمر شریف کے لیے ایک ایک منٹ قیمتی ہے۔ اگلے 24 گھنٹے تو بہت ہی اہم ہیں،مداح دعا کریں کہ عمر شریف امریکاعلاج کے لیے جاسکیں۔وزیراعظم آفس سے کہا گیا کہ ویزے کے لیے کوشش کی جارہی ہے، امید ہے ویزا جلد جاری ہو جائے گا۔ ہفتہ کے روز بھی ان کی صحت اور تشویشناک حالت کے حوالے سے سوشل میڈیا پر خبریں گردش کر تی رہیں جن کی زرین عمر نے تردید کی۔علاوہ ازیں مایہ نازکرکٹرشاہد آفریدی سمیت دیگراسٹارزنے وزیراعظم سے اپیل کی ہے کہ وہ معروف کامیڈی اداکارعمر شریف کے علاج کے لیے ہرممکن کوشش کریں۔شاہد آفریدی نے وزیراعظم سے اپیل کی کہ وہ عمرشریف کے لیے ویزے کے معاملے کو لے کر ہدایات جاری کریں، عمر شریف ہمارا اثاثہ ہیں جو اس وقت شدید علیل ہیں۔دوسری جانب عدنان صدیقی نے بھی وزیر اعظم سے درخواست کی کہ وہ عمر شریف کے ویزے کے معاملے کو لے کرکچھ کریں اس سے قبل کہ دیرہوجائے۔اس وقت شاہد آفریدی اورعدنان صدیقی دونوں ہی امریکا میں موجود ہیں اور دونوں نے ہی اپنی جانب سے مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔