وزن کم کرنے کے خواہشمند افراد کے لیے ماہرین نے ایک آسان اور قدرتی حل تجویز کیا ہے۔ صحت کے ماہرین کا کہنا ہے کہ صبح خالی پیٹ لاکی (گِھیّا یا کدو) کا جوس پینے سے میٹابولزم تیز ہوتا ہے اور پیٹ کی چربی کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔
ماہرِ غذائیت ڈاکٹر شیکھا شرما نے اپنی کتاب 101 Weight Loss Tips میں لکھا ہے کہ روزانہ ایک گلاس لاکی کا جوس وزن کم کرنے کے عمل کو تیز کر سکتا ہے۔
لاکی ایک کم کیلوریز والی سبزی ہے۔ امریکی محکمہ زراعت (USDA) کے مطابق 100 گرام لاکی میں صرف 15 کیلوریز موجود ہوتی ہیں۔
لاکی فائبر سے بھرپور سبزی ہے جو پیٹ دیر تک بھرا رکھتی ہے اور زیادہ کھانے سے بچاتی ہے۔ فائبر ہاضمہ بہتر بنانے میں بھی مدد دیتا ہے جس سے وزن گھٹانے میں آسانی ہوتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سبزیوں کے جوس پینے کے لیے صبح کا وقت بہترین ہوتا ہے کیونکہ اس وقت جسم کا میٹابولزم زیادہ فعال ہوتا ہے۔
جوس بنانے کا طریقہ:
لاکی کا جوس بنانے کے لیے صرف لاکی کو چھیل کر چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹیں اور پانی کے ساتھ بلینڈ کر لیں۔ (دودھ کا استعمال بھی کیا جا سکتا ہے)
پانی کے ساتھ جوس بناتے ہوئے اس میں نمک، لیموں کا رس یا پودینہ بھی شامل کیا جا سکتا ہے لیکن جوس کو چھاننے سے گریز کریں تاکہ فائبر ضائع نہ ہو۔
جوس ہمیشہ تازہ بنا کر فوراً پی لینا چاہیے کیونکہ دیر ہونے پر اس کی غذائیت کم ہو جاتی ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر لاکی کے جوس کو روزانہ کے معمول کا حصہ بنا لیا جائے تو پیٹ کی ضدی چربی کو کم کرنے میں واضح طور مدد ملتی ہے۔
نوٹ: یہ ایک معلوماتی مضمون ہے، اپنی کسی بھی بیماری کی تشخیص اور اس کے علاج کےلیے ڈاکٹر سے رجوع کریں۔