• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آسمان پر نایاب منظر، جنوری کا وولف مون اور مشتری ایک ساتھ ہوں گے

فائل فوٹو
فائل فوٹو

2026 کا پہلا مکمل چاند اس ہفتے کے آخر میں آسمان پر نمودار ہوگا جو عام مکمل چاند کے مقابلے میں زیادہ بڑا اور روشن دکھائی دے گا، اس سپر چاند کو ’وولف مون‘ (Wolf Moon) کہا جاتا ہے اور یہ سیارۂ مشتری (Jupiter) کے ساتھ ایک دلکش منظر پیش کرے گا۔

وولف مون بروز ہفتہ 3 جنوری کی صبح 5 بج کر 02 منٹ پر اپنے مکمل مرحلے میں داخل ہوگا، تاہم ماہرین کے مطابق اس کا سب سے خوبصورت منظر چاند کے طلوع کے وقت رات کے ابتدائی حصے میں دیکھا جا سکے گا۔

فلکیاتی ماہرین کے مطابق وولف مون دیکھنے کا بہترین وقت وہ ہوگا جب چاند غروبِ آفتاب کے فوراً بعد طلوع ہوگا۔ اس وقت مکمل چاند کے ایک جانب برج جوزا (Gemini) کا روشن ستارہ پولوکس جبکہ دوسری جانب نظامِ شمسی کا سب سے بڑا سیارہ مشتری نہایت روشن انداز میں دکھائی دے گا، جو اس منظر کو مزید دلکش بنا دے گا۔

جنوری کے مکمل چاند کے لیے ’وولف مون‘ کا نام شمالی امریکا کی قدیم روایات سے منسوب ہے، جہاں سرد ترین مہینے میں بھیڑیوں کے زیادہ بولنے کرنے کو اس چاند سے جوڑا جاتا تھا، یورپ کے بعض حصوں میں اسے کولڈ مون، ہارڈ مون اور مون آفٹر یول بھی کہا جاتا رہا ہے۔

جنوری کا یہ مکمل چاند ایک سپر مون بھی ہوگا، یعنی یہ چاند زمین کے سب سے قریب ترین مقام کے نزدیک واقع ہوگا، اسی وجہ سے یہ عام مکمل چاند کے مقابلے میں قدرے بڑا اور تقریباً 30 فیصد زیادہ روشن دکھائی دے گا۔

یہ مسلسل چوتھا سپر مون ہے، تاہم 2026 کا پہلا سپر مون ہوگا، اس سے قبل آخری سپر مون نومبر میں دیکھا گیا تھا۔

خاص رپورٹ سے مزید