تاجر برادری ملک کو ترقی اور خوشحالی کی نئی راہ پر ڈالنے کیلئے ’’برانڈ پاکستان‘‘ تیار کرے، ڈاکٹر عارف علوی

September 14, 2021

ج۔م

ملک میں اچھی روایت چلی ہے کہ حکومت صنعت کاروں اور انکی ایسوسی ایشن کو اہمیت دے رہی ہے اس کا مقصد ایکسپورٹ کو فروغ دینا ہے کیونکہ یہ بات تو واضح ہے کہ ماضی میں ہماری صنعتوں نے وہ راستہ اختیار نہیں کیا جو مقامی صنعت کی پیداوار کو بڑھائے اور ایکسپورٹ کی طرف جائے اسی لئے ہمارا انحصار خام مال کی درآمد پر ہمیشہ رہا ہمارا المیہ ہے کہ ہم امپورٹ کئی گنا زیادہ کرتے ہیں اور ہر سال ہمارا تجارتی خسارہ کئی گنا بڑھتا ہے اور تجارتی توازن بگڑنے سے ملک میں مہنگائی زوروں پر چلی گئی ہے جب تک ڈالر بڑھتا اور روپیہ گھٹتا رہے گا یہاں مہنگائی اور بے روز گاری کو بڑھنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔

تاہم ایک احسن اقدام ہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی طرف سے ملکی صنعت کاروں کو سراہنے کے لئے تقریبات کا سلسلہ جاری ہے

پاکستان ریڈی میڈ گارمنٹس مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (پریگمیا) نے 15 کمپنیوں کو پریگمیا اچیومنٹ ایوارڈ 2021 سے نوازا جنہوں نے2019-2020 کے دوران برآمدات اور سماجی و اقتصادی سرگرمیوں میں شاندار کارکردگی دکھائی۔ پریگمیا اچیومنٹ ایوارڈ 2021کی تقریب ایوان صدر اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔

یہ ایوارڈز پاکستانی کاروباری اداروں کو اعزاز دینے کی ایک کاوش ہے جنہوں نے ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں مستقل اور پائیدار شراکت کی ہے تاکہ ملک کا امیج بہتر بنایا جاسکے اورتمام پاکستانیوں کا سر فخر سے بلند ہو۔

ایوارڈز صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے تقسیم کیے۔

اس موقع پر ادیب اقبال شیخ، چیئرمین پریگمیا (نارتھ زون) ، ساجد سلیم منہاس، ایونٹ آرگنائزنگ کمیٹی کے کنوینر اور محمد نصیر ملک ممبر زونل اینڈ سینٹرل مینیجنگ کمیٹی اور دیگر ایگزیکٹو کمیٹی ممبران، سابق عہدیداران اور معروف تاجر موجود تھے ۔

صدرپاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے تاجر برادری پر زور دیا کہ وہ پاکستان کی برآمدی صلاحیت کو بروئے کار لانے اور ملک کو ترقی اور خوشحالی کی نئی راہ پر ڈالنے کے لیے ''برانڈ پاکستان'' تیار کرے۔ انہوں نے کہا کہ ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی تیاری اور کپاس اور دیگر زرعی اجناس کی پیداوار بڑھانے کے لیے اقدامات کی ضرورت ہے۔

انہوں نے اقتصادی سرگرمیوں میں خواتین کی شمولیت کو بڑھانے کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ معاشی میدان میں خواتین کی شمولیت کے بغیر ملک کی ترقی نامکمل رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ اب پاکستان کو برآمد پر مبنی ترقی کے اگلے مرحلے کا آغاز کرنا چاہیے اور برآمد کنندگان کو حکومت کی جانب سے دی جانے والی مراعات سے فائدہ اٹھانا چاہئیے۔ حکومت نے پاکستان کو ایک مشکل معاشی صورتحال سے نکال دیا ہے جس کی وجہ ماضی کی حکومتوں کی جانب سے جاری کرنٹ اکاؤنٹ کا بہت بڑا خسارہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن اور استحکام سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھائے گا۔ افغانستان میں امن پاکستانی مینوفیکچررز اور ایکسپورٹرز کے لیے انعام ہوگا۔ انہوں نے مشاہدہ کیا کہ افغانستان میں تعمیر نو اور ترقیاتی سرگرمیوں کے لیے پاکستانی تاجروں اور پیشہ ور افراد کی مہارت درکار ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے اپنے تمام پڑوسیوں بشمول پاکستان، افغانستان، چین، نیپال، سری لنکا اور دیگر کے ساتھ خراب تعلقات ہیں۔ بھارت نے 15 فیصد مسلم آبادی کو الگ کرکے اپنے لیے مشکلات پیدا کیں،

پاکستان نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں اہم سبق سیکھے۔ افغانستان میں دو دہائیوں کی جنگ لڑی گئی، دو ٹریلین ڈالر خرچ ہوئے اور بہت سی جانیں ضائع ہوئیں لیکن آخر میں تنازعے کے فریقین کو مذاکرات کی میز پر آنا پڑا۔

وزیراعظم عمران خان نے پہلے دن سے ہی کہا تھا کہ افغان مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں ہے اور ان کا یہ موقف ہرلحاظ سے ٹھیک ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت اپنی تمام معاشی پالیسیاں سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے تشکیل دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ کاروباری برادری، صنعتکاروں اور برآمد کنندگان کے لیے مناسب اور سازگار ماحول پیدا کرے۔

حکومت نے مشاورت کے ذریعے صنعتکاروں اور برآمد کنندگان کے مسائل حل کیے ۔مالی اور معاشی ترقی کو تقویت دی۔

گزشتہ سال ملک کی ملبوسات کی برآمدات میں 14 فیصد اضافہ ہوا۔ انہوں نے ان اقدامات کی وضاحت کی جو حکومت نے براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے اٹھائے تھے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اخلاقی اقدار پر سختی سے عمل کرتے ہوئے اور ماضی کی حکومتوں کی لوٹ مار اور بدعنوانی کو روک کر پاکستان کو صحیح سمت میں ڈال دیا ہے۔

صدر مملکت نے ایوارڈ جیتنے والوں کو مبارکباد دی اور ان سے ملک کی معاشی سرگرمیوں میں مزید کردار ادا کرنے پر زور دیا۔ یہ ایوارڈ ریڈی میڈ گارمنٹس کے معروف برآمد کنندگان کو دیئے گئے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے، پریگمیا (نارتھ زون) کے چیئرمین ادیب اقبال شیخ نے روشنی ڈالی کہ اندرونی اور بیرونی چیلنجزکے باوجود ویلیو ایڈڈ گارمنٹس سیکٹر کی برآمدات میں اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ گارمنٹس سیکٹر ایک بڑا ٹیکس دہندہ ہے، جو پوری ٹیکسٹائل چین کا سب سے بڑا روزگار پیدا کرنے والا ہے۔

انہوں نے حکومت پاکستان پر زور دیا کہ وہ ڈیوٹی ڈھانچے کو معقول بنانے پر کام کرے اور خام مال کی درآمد پر ٹیکس اور ڈیوٹی کو کم سے کم کرے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ انڈسٹری کو ایک منصفانہ حالات فراہم کرے تاکہ وہ اپنے علاقائی حریفوں کے ساتھ بین الاقوامی مارکیٹ میں مقابلہ کر سکے۔

پریگمیا (نارتھ زون) کے چیئرمین ادیب اقبال شیخ اور محمد نصیر ملک کو ایسوسی ایشن کے لیے پچیس سال کی شاندار خدمات پر اور ساجد سلیم منہاس، کنوینر، ایونٹ آرگنائزنگ کمیٹی، پریگمیا اچیومنٹ ایوارڈ 2021 کے سلسلے میں خصوصی ایوارڈز سے نوازا گیا۔