سلمان احمد نے عمران خان کی زندگی پر مبنی دستاویزی فلم تیار کرلی

September 17, 2021

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)سابق ’جنون‘ میوزیکل بینڈ گروپ کےگلوکار و فلم ساز سلمان احمد نے وزیر اعظم عمران خان کی 50سالہ زندگی پر ’اسپریچوئل ڈیموکریسی‘ نامی دستاویزی فلم تیار کرلی۔سلمان احمد نے حال ہی میں نجی چینل کے مارننگ شو میں بتایا کہ ان کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان کی زندگی پر بنائی گئی دستاویزی فلم میں حقیقی ویڈیوز اور تصاویر شامل کی گئی ہیں۔ان کے مطابق ’اسپریچوئل ڈیموکریسی‘ نامی دستاویزی فلم میں عمران خان کی 50 سال کی زندگی کو دکھایا جائے گا۔گلوکار کا کہنا تھا کہ وہ عمران خان کو گزشتہ 35 سال سے جانتے ہیں اور ان کے پاس ان کی کئی پرانی ویڈیوز اور تصاویر موجود تھیں جب کہ انہوں نے دیگر ذرائع سے بھی مواد حاصل کیا۔ سلمان احمد کے مطابق ’اسپریچوئل ڈیموکریسی‘ نامی دستاویزی فلم چار حصوں پر مشتمل ہے، جس میں سے پہلے حصے میں عمران خان کی وزیر اعظم بننے سے پہلی کی زندگی اور سوچ کو دکھایا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ دستاویزی فلم کے دوسرے حصے میں عمران خان کے پڑوسی ملک بھارت کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے سیاسی خیالات ہیں جب کہ تیسرے حصے میں وبا کے باوجود حالات سے نمٹنے اور آخری حصے میں وزیر اعظم کے مستقبل کے منصوبوں پر بات کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ دستاویزی فلم انگریزی زبان میں تیار کی گئی ہے اور اس میں کئی عالمی رہنماؤں اور مشہور شخصیات کے انٹرویوز بھی شامل ہیں، جنہیں انہوں نے خود اور فلم ساز شعیب منصور نے شوٹ کیا۔