منسوخی سنجیدگی سے لی جائے،نیوزی لینڈ سے دو ٹوک بات کریں، عامر سہیل

September 18, 2021

کراچی (جنگ نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عامر سہیل کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے دورہ منسوخ کرنے کے پیچھے کیا محرکات ہیں معلوم کرنے کی ضرورت ہے۔ نیوزی لینڈ کے دورہ پاکستان کی منسوخی پر ردعمل دیتے ہوئے سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ ہمیں نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ سے بات کرنے کی ضرورت ہے، چارٹرڈ طیارہ تو کل آئے گا یہاں منٹ منٹ میں چیزیں بدل جاتی ہیں۔ ہمیں آئی سی سی سے براہ راست دو ٹوک بات کرنی ہوگی۔ دورے کی منسوخی کو ریاست کو سنجیدگی سے لینا ہوگا۔ جیو نیوز سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان دنیا کے قابل احترام کرکٹر رہے ہیں، بحیثیت کرکٹر ان کی آج بھی عزت ہے، انہوں نے نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم سے بات کی لیکن وہ قائل نہیں ہوئیں، یہ ہمارے کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔ چارٹرڈ طیارے کی آمد سے قبل وزیر دفاع، وزیر خارجہ اور حکومت کو متحرک ہونا چاہیے، نیوزی لینڈ کو یقین دلانے کی ضرورت ہے کہ ہماری سیکورٹی سروسز معروف ترین ہیں، اس مسئلے کو حل کرتے ہیں ہم بڑی شرمندگی سے بچ سکتے ہیں۔ سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ کیلئے بری خبر ہے۔ مجھے یہ سب پری پلان لگتا ہے۔آئی سی سی کے موجودہ ہیڈ جب انتخاب لڑ رہے تھے تو وہ نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو تھے، پاکستان نے انہیں ووٹ نہیں دیا تھا۔چھوٹی سے اطلاع پر دورہ منسوخ کردیا، تفتیش کرانا ہوگی کہ کیا ثبوت ہیں، اگر وہ مصدقہ نہیں ہوئے تو آئی سی سی کے پاس جانا چاہیے۔ دریں اثنا سری لنکن کرکٹر اینجیلو پریرا نے کہا ہے کہ 2 سال پہلے پاکستان کا دورہ کیا، وہاں ایک ایک منٹ انجوائے کیا۔نیوزی لینڈ کرکٹ کے دورۂ پاکستان ادھورا چھوڑنے پر سری لنکن کرکٹر نے ایک بیان جاری کیا ہے۔اینجیلو پریرا کا کہنا تھاکہ ایمانداری کی بات ہے مجھے پاکستان میں خوش آمدید کہا گیا اور میں نے خود کو وہاں محفوظ تصور کیا۔مجھے پاکستان میں سیکیورٹی کے کوئی شکوک و شبہات نہیں تھے۔ سری لنکن کرکٹر نے مزید کہا کہ میں پاکستان میں کرکٹ کی واپسی کا خواہش مند ہوں۔