لاہور کو کچرے کا ڈھیر بنادیا گیا، شہر کا حشر دیکھ کر آپکی یاد آتی ہے، خاتون کا کراچی ایئرپورٹ پر شہباز شریف سے مکالمہ

September 20, 2021

کراچی(اسٹاف رپورٹر)مسلم لیگ ن کے صدر،قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف اسلام آباد روانگی کیلئے کراچی ائیر پورٹ پہنچے توانہیں دیکھ کرکئی مسافران کے پاس پہنچے، اس دوران ایک مسافر خاتون کا شہباز شریف سے آمنا سامنا ہوا، خاتون کا کہنا تھا کہ موجودہ حکمرانوں نے لاہور کو کچرے کا ڈھیر بنادیا ہے،لاہور کا حشر دیکھ کر آپ کی یاد آتی ہے، خواہش ہے کہ آپ پورے پاکستان میں حکومت بنائیں، آپکی حکومت میں ترقی کا دور دورہ ہو،خاتون مسافرکا کہنا تھا کہ لاہور میں بے پناہ کچرا ہوگیا ہے،آپکا دور یاد آگیا ہے ،ہم آپکو لاہور سمیت پورے پاکستان میں دیکھنا چاہتے ہیں،شہباز شریف نے خاتون کا شکریہ ادا کیا۔ کراچی ائیرپورٹ پر شہریوں نے شہبازشریف کے ساتھ سیلفیاں بنوائیں۔