کیمسٹ برادری کا محمد سعید کے قتل کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

September 21, 2021

پشاور( وقائع نگار) کیمسٹ برادری کے زیر اہتمام کیمسٹ محمد سعید کے قتل کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔ مظاہرے کی قیادت چیئرمین فیاض محب اللہ‘ جنرل سیکرٹری محمد نعیم خان ‘ پریس فنانس سیکرٹری امجد اقبال ‘ چیف میڈیا کوآرڈی نیٹر ماجد اقبال یوسفزئی اور دیگر کر رہے تھے ۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر ان کے مطالبات کے حق میں نعرے درج تھے ۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ شاہ قبول ڈبگری گارڈن میں ہفتہ کی شام نامعلوم شخص نے سرعام ایک نوجوان کیمسٹ محمد سعید ( محمد میڈیکوز ) کو قتل کردیا اور قاتل بے خوف فرار ہونے میں کامیاب ہوگیاجس سے صاف ظاہر ہوتاہے کہ حکومت عوام کو تحفظ دینے میں ناکام ہو گئی ہے جو حکومتی دعوئوں اور ریاست مدینہ کے تصورکو اپنی منزل سمجھنے والوں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے حکومت مثالی پولیس کے دعوے کررہی ہے جو در اصل بری طرح ناکام ہوگئی ہے اس سلسلے میں کیمسٹ برادری کے رہنمائوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ قاتلوں کو دو دن کے اندر اندر گرفتار کرکے نشان عبرت بنائے اور مقتول کے ورثا کو انصاف فراہم کیاجائے اگر دودن کے اندر اندر قاتلوں کو گرفتا ر نہ گیا تو پورے کے پی کے میں ہڑتال ہوگی اور دوائوں کی ترسیل بند کردی جائیگی ۔