منیب اور احسن میں سے کون کس کی نقل کرتا ہے؟

September 21, 2021

پاکستان کے معروف نوجوان اداکار منیب بٹ نے انکشاف کیا ہے کہ اُن کی سالی منال خان کا شوہر احسن محسن اکرام اُن کی نقل کرتا ہے۔

گزشتہ دنوں منال خان کی شادی سوشل میڈیا سائٹس پر خوب وائرل رہی، شادی کی تصویروں اور ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ منال خان کی جڑواں بہن ایمن خان اور اُن کے شوہر منیب بٹ نے بھی یہ شادی خوب انجوائے کی، اس دوران منیب بٹ بہترین انداز میں انتظامات بھی سنبھالے نظر آئے۔

حال ہی میں ایک شو میں شرکت کے دوران منیب بٹ نے اپنی سالی منال خان کے شوہر احسن محسن خان سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ ’اُنہوںنے شادی کے دوران فوٹو شوٹ کرواتے ہوئے ایمن خان کا چہرہ صاف کر دیا تھا جس پر ایمن کا کہنا تھا کہ تم احسن کی نقل کر رہے ہو۔‘


منیب بٹ کا بتانا تھا کہ اس سے ایک دن قبل ہی منال خان کا چہرہ صاف کرتے ہوئے احسن محسن کا ایک کلپ وائرل ہوا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ’احسن کا وائرل کلپ ایمن نے دیکھا تھا جبکہ اُنہیں اس سے متعلق علم نہیں تھا، جب ایمن خان نے بتایا تو اُنہیں معلوم ہوا کہ ایک دن قبل احسن اور منال کی بھی اسی پوز میں تصویریں بن چکی ہیں۔‘

منیب بٹ نے ہنستے ہوئے کہا کہ ’اُنہوں نے ایمن خان کو بتایا کہ وہ احسن محسن کے کلپ کے بارے میں نہیں جانتے، وہ احسن کی نقل نہیں کرتے بلکہ احسن محسن اُن کی نقل کرتے ہیں۔‘