شہر میں غیرقانونی تعمیرات کی بھرمار، رہائشی علاقوں میں تجارتی سرگرمیاں

September 22, 2021

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) راولپنڈی میں بڑھتی ہوئی تجاوزات، غیرقانونی تعمیرات اور ندی نالوں پر قبضوں سے شہریوں کو شدید مسائل کا سامنا ہے ۔گزشتہ دو برسوں میں جس طرح شہر کا حلیہ بگڑا اس کی مثال نہیں ملتی۔فٹ پاتھ اور سڑکوں تک پھیلی تجاوزات سے شہر میں ٹریفک نظام کا درہم برہم رہنا معمول بن چکا ہے، رہائشی علاقوں میں تجارتی سرگرمیاں عروج پر ہونے سے خواتین کا باہر نکلنا مشکل ہو گیا ہے ۔شہر بھر میں بلانقشہ اور خلاف نقشہ بننے والے پلازوں میں مک مکا کے بعد پارکنگ کی جگہ صرف نقشوں تک محدود ہے۔ ذرائع کے مطابق ان تمام مسائل کی وجہ صرف میونسپل کارپوریشن میں مخصوص سیٹوں پر تعینات وہ افسر اور اہلکار ہیں جنہیں افسران بالا سمیت ہر دور حکومت میں بھرپور سیاسی سرپرستی بھی حاصل رہی ہے۔ادارے میں مخصوص لوگوں نے گروپ بنا رکھے ہیں جن کے دن اور شامیں ایک ساتھ گزرتی ہیں، کسی بھی شعبے میں دفتری اوقات کی پابندی نظر نہیں آتی۔ قانون کے برعکس کئی بااثر افسران اور اہلکاروں کی پوری سروس ایک ہی سٹیشن پر ہو رہی ہے۔ اہل راولپنڈی نے چیئرمین نیب سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ میونسپل کارپوریشن میں برسوں سے مخصوص سیٹوں پر تعینات ان لوگوں کے اثاثوں کی تحقیقات کروائیں اور ادارے کی اربوں روپے مالیت کی جائیدادیں دوسروں کے سپرد کرنے والوں سے باز پرس کریں۔