لاہور: لڑکی کی خاطر دوست کے ہاتھوں دوست قتل

September 22, 2021



لاہور میں 15 سالہ لڑکے نے اپنے ہی دوست کو قتل کر دیا، قاتل نے واردات کی وجہ بتائی تو حیران و پریشان سننے والے سکتے میں آ گئے۔

لاہور کے علاقے برکی روڈ پر ہاؤسنگ سوسائٹی میں 14 سالہ لڑکے کے قتل کے ملزم کو 2 گھنٹے بعد گرفتار کر لیا گیا، 15 سالہ ملزم رضا نے قتل کا اعتراف کر لیا۔

ملزم رضا کا کہنا ہے کہ وہ جس لڑکی سے محبت کرتا تھا وہ طلحہٰ کی کزن تھی اور طلحہٰ کزن سے شادی کر رہا تھا اس لیے اسے زیرِتعمیر مکان کے تہہ خانے میں لے جا کر قتل کر دیا۔

پولیس کے مطابق لاہور کے رہائشی رضا کی فیصل آباد سے ماموں کے گھر آئے طلحہٰ سےدوستی ہوئی، لیکن جب رضا کو اندازہ ہوا کہ طلحہٰ کی شادی تو اس لڑکی سے طے ہے جسے وہ پسند کر تاہے تو دوستی دشمنی میں بدل گئی اور اس نے طلحہٰ کو راستے سے ہٹانے کا فیصلہ کر لیا۔

پولیس کےمطابق رضا بہانے سےطلحہٰ کو علاقے میں واقع زیرِ تعمیر گھر کے تہہ خانے میں لے گیا، وہاں جا کر پہلے سر پر اینٹ ماری اور تشدد کا نشانہ بنایا اور جب طلحہٰ بے ہوش ہو گیا تو اسے تیز دھار آلے سے قتل کر دیا۔

پولیس نے طلحہٰ کے قتل کا مقدمہ اس کے والد کی مدعیت میں درج کر لیا ہے۔