عمر شریف کی فیملی ایئرایمبولینس میں کیوں نہیں جاسکتی؟

September 23, 2021


ملک کے لیجنڈری کامیڈین اور اداکار عمر شریف کے ساتھ فیملی کا کوئی فرد ایئر ایمبولینس میں سفر نہیں کر سکے گا۔

کینیڈین ایئر ایمبولینس کمپنی کی جانب سے کی گئی ای میل کے مطابق ایئر ایمبولینس کو واشنگٹن تک پہنچنے کیلئے 2 مقامات پر اسٹاپ کرنا ہوگا۔

ایئر ایمبولینس کمپنی کا کہنا ہے کہ اسٹاپ اوور کے ایئرپورٹس پر لینڈنگ کیلئے تمام مسافروں کا ویزا ہونا ضروری ہیں جبکہ مریض کو اس ویزا سے استثنیٰ حاصل ہے۔

کمپنی کا ای میل میں کہنا ہے کہ مریض کےساتھ سفر کرنے والوں کے لیے یورپ اور کینیڈا کے ویزے ہونے چاہئیں۔

دوسری جانب سندھ حکومت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ وقت کم ہے، ویزے فوری طور پر حاصل نہیں کیئے جا سکتے، لہٰذا عمر شریف کے خاندان کے چاروں افراد اپنے طور پر کمرشل پرواز سے امریکا جائیں گے۔

ذرائع سندھ گورنمنٹ کا مزید کہنا ہے کہ ایئر ایمبولینس آنے کے لیے دیئے گئے 5 میں سے 3 دن رہ گئے ہیں۔