نو عُمر صارفین کیلئے انسٹاگرام نقصان دہ ثابت

September 23, 2021

معروف امریکی جریدے میں شائع ہونے والی ایک حالیہ رپورٹ میں فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام کے استعمال کو نو عمر صارفین کے لیے نقصان دہ قرار دے دیا گیا ہے۔

امریکی جریدے وال اسٹریٹ جرنل میں گزشتہ روز ایک رپورٹ شائع ہوئی ہے جس میں اس بات کا جائزہ لیا گیا کہ سوشل میڈیا ایپ انسٹاگرام کا استعمال نو عمر صارفین اور خصوصاََ نوعمر لڑکیوں کو خاص طور پر نقصان پہنچا رہا ہے۔

یہ رپورٹ فیس بک کے تین سالہ تحقیقاتی مطالعے کے نتائج پر مبنی ہے۔

امریکی جریدے کی اس رپورٹ کے مطابق امریکا میں انسٹاگرام تقریباََ 6 فیصد اور برطانیہ میں 13 فیصد نوجوانوں میں خودکشی کرنے کے خیالات کا سبب بنی ہے۔

محققین نے اس تحقیق میں نوٹ کیا کہ باقی سوشل میڈیا ایپس کے مقابلے میں ایسے مسائل انسٹاگرام کے استعمال سے سامنے آرہے ہیں کیونکہ اس ایپ پر تمام تر توجہ ظاہری جسمانی خوبصورتی اور بہترین طرزِ زندگی پر مرکوزہے۔

رپورٹ کے مطابق 32 فیصد نوعمر لڑکیوں کا فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ کے بارے میں کہنا ہے کہ جب انہیں اپنی شکل و صورت کے بارے میں برا محسوس ہوتا ہے تو انسٹاگرام انہیں مزید بدتر محسوس کرواتا ہے۔

تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ انسٹاگرام کا استعمال نوجوانوں میں بے چینی اور ڈپریشن کی شرح میں اضافے کا باعث بن رہا ہے۔