پاکستان سےبرطانیہ آنے والوں کوقرنطینہ کرنا ہوگا

September 24, 2021

لندن (نیوز ڈیسک) پاکستان سے آنے والے مسافروں کو پی سی آر ٹیسٹ کرانا ہو گا اور برطانیہ پہنچ کر گھر میں قرنطینہ کرنا ہوگا، برطانیہ نے پاکستان سے آنے والوں کیلئے نئی گائیڈلائنز جاری کردیں- تفصیلات کے مطابق برطانوی حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ 22 ستمبرکے بعد پاکستان سے ویکسین لگوا کر آنے والے افراد کو گھر پر قرنطینہ کرنا پڑےگا۔قرنطینہ کی شرط کی وجہ یہ بتائی گئی ہےکہ برطانیہ پاکستان میں لگائی جانے والی بیشتر ویکسینز کو تسلیم نہیں کرتا اور برطانیہ کو تسلیم شدہ ویکسینز کے معیار کا مسئلہ نہیں ہے تاہم اسے پاکستان میں ویکسی نیشن کے سرٹیفکیٹ کے اجرا پر تحفظات ہیں۔ برطانیہ نےکہا ہےکہ حکومت پاکستان سرٹیفکیٹ کے اجرا کا ایسا نظام بنائے جو برطانیہ کے لیے بھی قابل قبول ہو۔نئی گائیڈ لائنز کے مطابق پاکستان سے ویکسین لگوانے والوں کو 22 ستمبر کے بعد آنے پر بھی پی سی آر ٹیسٹ کرانا ہوگا اور لوکیٹر فارم بھرنا ہوگا، برطانیہ پہنچ کر انہیں قرنطینہ کرنا ہوگا، پانچویں روز وہ پی سی آر ٹیسٹ کا نتیجہ منفی آنے پر قرنطینہ ختم کرسکیں گے۔ ذرائع کے مطابق4 اکتوبر کے بعد امکان ہےکہ برطانیہ منظور شدہ ویکسینز کے سرٹیفکیٹ کو تسلیم کرلے۔