EVM کا کامیاب استعمال، وزیراعظم کی جرمنی کی مثال الٹی پڑ گئی، تجزیہ کار

September 24, 2021

کراچی (ٹی وی رپورٹ )جیو کے مارننگ شو ’’جیو پاکستان‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر پروگرام فافن مدثر رضوی کا کہنا تھا الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے منصوبے میں مزید بہتری کی ضرورت ہے.

پروگرام کے میزبان نے کہا کہ ای وی ایم کے کا میاب استعمال کے لئے وزیر اعظم کی جرمنی کی مثال الٹی پڑ گئی ،تین دن بعد جرمنی میں بیلٹ پیپر کے ذریعے انتخابات کا انعقادہونے جا رہا ہے .

نمائندہ جیو نیوز برلن عرفان آفتاب نے بتایا کہ جرمنی میں ووٹ بیلٹ پیپر اور ڈاک کے ذریعے ڈالے جاتے ہیں، 2005میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے انتخابات کے بعد شفافیت پر اعتراضات اٹھائے گئے ، عدالت نے سائبر سیکیورٹی ، آن لائن مداخلت کا خدشہ قرار دے کر الیکٹرانک مشین کا استعمال غیر آئینی قرار دیا.

الیکشن کمیشن کے سربراہ نے بیلٹ پیپر طریقہ کار میں ہاتھ سے کاؤنٹنگ کے ذریعے کسی قسم کی بے ضابطگی خارج از امکان قرار دی، جس کے بعد سے جرمنی میں انتخابات کا روایتی طریقہ رائج ہے ۔

ڈائریکٹر پروگرام فافن مدثر رضوی کا کہنا تھا الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے منصوبے میں مزید بہتری کی ضرورت ہے ، الیکشن میں ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا سکتا ہے لیکن اس میں جلد بازی فائد ہ مند نہیں، ای وی ایم متعارف کرانے ، شفافیت اور بے ضابطگیوں کے خاتمے کے لئے درکار آئینی تبدیلیوں کے لئے فریقین کی مشاورت ناگزیر ہیں.

جس کے بعدطریقہ کار واضح اور ای وی ایم کااستعمال ممکن ہو سکتا ہے.

پورے ملک میں ایک ساتھ ای وی ایم کے استعمال کے بجائے کچھ حلقوں میں اس کا ٹیسٹ کیا جا سکتا ہے۔