بھارت، ریپ کے مجرم کو 6 ماہ تک عورتوں کے کپڑے دھونے کی انوکھی سزا

September 24, 2021

نئی دہلی (اے ایف پی )بھارت میں ریپ کی کوشش کے الزام میں گرفتار شخص کو عدالت نے 6 ماہ تک اپنے گاؤں کی تمام خواتین کے کپڑے دھونے اور استری کرنے کی شرط پر ضمانت پر رہا کردیا۔ اے ایف پی کے مطابق بدھ کو سنائے گئے فیصلے میں 20سالہ للن کمار کو ریاست بہار کے گاؤں ماجوڑ میں 6ماہ تک خود سے ڈیٹرجنٹ اور دیگر اشیا خرید کر تقریباً 2 ہزار خواتین کے کپڑے دھونے کے ساتھ ساتھ استری بھی کر کے دینے ہوں گے۔بہار کے مدھوبنی ضلع کے ایک پولیس افسر سنتوش کمار سنگھ نے اے ایف پی کو بتایا کہ کمار لانڈری کا کام کرتا ہے اور رواں سال اپریل میں اسے ریپ کی کوشش سمیت دیگر الزامات کے تحت گرفتار کیا گیا تھا۔مقدمے کی سماعت کے لیے کوئی اگلی تاریخ مقرر نہیں کی گئی ہے۔گاؤں کی کونسل کی سربراہ نسیمہ خاتون نے اے ایف پی کو بتایا کہ گاؤں کی تمام خواتین عدالتی فیصلے سے خوش ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ تاریخی ہے اور اس سے خواتین کے احترام میں اضافہ ہوگا اور وقار کے تحفظ میں مدد ملے گی۔گاؤں کی خواتین نے کہا کہ اس حکم نے خواتین کے خلاف جرائم کو سماج میں بحث کا موضوع بنایا اور اس کے مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔