اسکاٹ لینڈ میں اس سال متوقع عمر میں40سال کی سب سے زیادہ کمی ریکارڈ

September 25, 2021

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) اسکاٹ لینڈ میں اس سال زندگی کی متوقع عمر میں گزشتہ40سال کی سب سے زیادہ کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ نیشنل ریکارڈز آف اسکاٹ لینڈ کے مطابق مردوں کی اوسط عمر میں17.6جب کہ عورتوں کی6.1ہفتوں کی کمی ہوئی ہے۔ اہم ریکارڈز رکھنے کی سربراہ جولی رامے نے کہا کہ عمر میں کمی کی سب سے بڑی وجہ کوویڈ19کی غیر متوقع اموات بنی ہیں۔ اگرچہ کورونا کے باعث یوکے، کے دیگر علاقوں اور دنیا کے بے شمار دیگر علاقوں کی اوسط عمروں پر فرق پڑے گا لیکن اسکاٹ لینڈ میں یوکے، کے مقابلے میں اوسط عمر پہلے ہی کم ہے اور اس کی وجوہات میں منشیات اور غربت بھی اپنا کردار ادا کرتی ہیں۔ اسکاٹ لینڈ میں اس وقت مردوں کی اوسط عمر77جب کہ خواتین کی81سال ہے۔ ریکارڈز سے یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ پسماندہ علاقوں میں رہنے والوں کے مقابلے میں خوشحال علاقوں کے افراد13.5سال زیادہ عمر پاتے ہیں جب کہ عورتوں میں یہ فرق10.2سال کا تھا۔ 2020ء میں اسکاٹ لینڈ میں 100 سال یا اس سے زیادہ عمر کے960افراد تھے۔ ان میں770عورتیں جب کہ مرد صرف190تھے۔