مہنگائی کیخلاف جماعت اسلامی کے ملک بھر میں مظاہرے

September 25, 2021

لاہور(نمائندہ جنگ) جماعت اسلامی کی جانب سے لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔مظاہروں میں جماعت اسلامی کے کارکنوں اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے حکومت اور مہنگائی کے خلاف نعرے بازی کی اور اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں کمی کا مطالبہ کیا۔امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ مفادات کے اسیر اور محلات کے مقیم حکمران عوامی مسائل کا ادراک اور انھیں حل کرنے کی صلاحیت سے عاری ہیں۔ ملکی معیشت اور اداروں کو برباد کرنے والوں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔ حکمران اشرافیہ کا یوم حساب قریب آ گیا، وزیراعظم بتائیں ایک کروڑ نوکریاں کس کو دیں اور پچاس لاکھ گھر کہاں تعمیر کیے؟ مدینہ کی ریاست کدھر ہے اور تبدیلی کے نعروں کا کیا بنا؟ حیران ہوں مسلسل ڈھٹائی سے جھوٹ بولنے والوں کو شرم کیوں نہیں آتی۔