9th ایونیو پر کار سوار افراد کی دو گاڑیوں پر فائرنگ، ایک شخص جاں بحق، 4 زخمی

September 25, 2021

اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار) تھانہ بنی گالہ کے علا قے ملوٹ میں واقع نجی ٹائون کے مالک ملک طاہر نواز ،ان کے پارٹنر مرزا نوید خان اور گن مینوں پر آئی نائن تھری 9th ایونیو پر ایک کار میں سوار مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور چار زخمی ہو گئے جنہیں پمز ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔فائرنگ پرانی دشمنی کا شاخسانہ بتائی جاتی ہے ،ملک طاہر اور مقتول مرزا نوید پر شمس کے قتل کا الزام ہے اور وہ ضمانت پر ہیں۔فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی ایس پی فدا ستی سمیت پولیس حکام موقع پر پہنچ گئے۔پولیس کے مطابق 45 سالہ ملک طاہر نواز اپنے پارٹنر مرزا نوید خان کے ساتھ گاڑی میں سوار تھے جبکہ ان کے تین گن مین 24 سالہ ثاقب ،18سالہ نزاکت اور 51 سالہ سعید خان دوسری گاڑی میں ان کے پیچھے چل رہے تھے کہ نائتھ ایونیو کے آئی نائن انٹر چینج پر تھانہ انڈسٹریل سے500 گز دور سفید رنگ کی ایک کار میں سوار مسلح افراد نے پہلے گن مینوں کی گاڑی پر فائرنگ کی اور بعد میں ہائوسنگ سوسائٹی مالکان پر فائر کھول دیا۔ زخمیوں میں سے مرزا نوید جانبر نہ ہو سکے ۔فائرنگ کے اس واقعہ کے دوران سابق ایڈیشنل اٹارنی جنرل حافظ ایس اے رحمان کی گاڑی سمیت کئی گاڑیاں فائرنگ کی زد میں آئیں تاہم ان میں سوار افراد محفوظ رہے ۔