پولیس ملازمین کو سرکاری رہائش فراہمی کیلئے آئی جی اسلام آباد کا خط

September 25, 2021

اسلام آباد (ایوب ناصر، خصوصی نامہ نگار) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تعینات پولیس ملازمین کو سرکاری رہائش کی فراہمی کے سلسلے میں انسپکٹر جنرل پولیس قاضی جمیل الرحمان نے چیف کمشنر اسلام آباد عامر علی احمد کو معاملہ وزارت ہائوسنگ و تعمیرات میں اٹھانے کے لئے خط لکھ دیا ہے۔ وفاقی دارالحکومت میں پولیس کا شعبہ 1981میں صدارتی حکم سے قائم کیا گیا تھا جو وزارت داخلہ کے ماتحت ہے، ضلعی انتظامیہ اور ایف آئی اے ملازمین کو تو سرکاری پول پر رکھ کر رہائش کی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں مگر اسلام آباد پولیس کے ساڑھے گیارہ ہزار ملازمین 40 سال بعد بھی اسلام آباد میں سرکاری پول کا حصہ نہیں بن سکے۔ آئی جی اسلام آباد نے اپنے خط میں چیف کمشنر کو باور کرایا ہے کہ سرکاری رہائش کی سہولت میسر نہ ہونے کی وجہ سے ملک بھر سے آئے ہوئے ملازمین وفاقی دارالحکومت جیسے مہنگے شہر میں اپنے بیوی بچوں کو ساتھ نہیں رکھ پاتے جو نہ صرف ایک معاشرتی احساس کمتری کا موجب بن رہا ہے بلکہ اس سے پولیس کی مجموعی کارکردگی بھی متاثر ہو رہی ہے۔ اسلام آباد پولیس کے ساڑھے گیارہ ہزار ملازمین میں ساڑھے آٹھ ہزار کانسٹیبل اور تین ہزار کے لگ بھگ ماتحت اور پی ایس پی افسر ہیں۔ واضح رہے کہ اسلام آباد پولیس وزارت داخلہ کا براہ راست ماتحت ادارہ نہیں بلکہ آئی جی پولیس وزیر داخلہ کو خود خط لکھنے کے بھی مجاز نہیں ہیں اور انہیں اپنی بات پہنچانے کے لئے چیف کمشنر اسلام آباد کی مدد لینا پڑتی ہے۔