ڈالر کو جیٹ انجن لگ گیا ہے: نہال ہاشمی

September 25, 2021

مسلم لیگ نون کے رہنما نہال ہاشمی کا کہنا ہے کہ ڈالر کو پر لگ گئے ہیں، بلکہ لگتا ہے کہ جیٹ انجن لگ گیا ہے، حکومت معیشت اور ڈالر کے بارے میں کوئی بات نہیں کر رہی۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ نون کے رہنما نہال ہاشمی نے کہا کہ کراچی انوکھا شہر ہے، جہاں نالیاں صاف کرنے اور کچرا اٹھانے کے لیے فنڈ لیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کچرا ٹھکانے لگانے کے لیے گیس کے بل کے ذریعے 300 روپے لیئے جائیں گے، سندھ حکومت کس قانون کے تحت بھتہ لے رہی ہے؟

نہال ہاشمی کا کہنا ہے کہ ایس ایس جی سی کیوں بھتہ لینے میں شامل ہو رہی ہے؟

انہوں نے مزید کہا کہ کچرے کا ٹیکس واپس نہیں لیا گیا تو عوامی احتجاج کریں گے، پھر بھی نہیں مانے تو عدالت جا کر اپنے حقوق کیلئے بات کریں گے۔

نون لیگی رہنما کا یہ بھی کہنا ہے کہ سندھ حکومت پہلے ہی اِنکم ٹیکس لے رہی ہے، وزیرِ اعلیٰ سندھ نے اس سلسلے میں کیا اسمبلی میں قانون پیش کیا ہے؟