پیپلز پارٹی عوام کو سول نافرمانی کی جانب دھکیل رہی ہے، مصطفیٰ کمال

September 27, 2021

کراچی(اسٹاف رپورٹر)چیئرمین پاک سرزمین پارٹی سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کے حقوق غضب کر کے سول نافرمانی کی جانب دھکیل رہی ہے۔ پاکستان چلانے والے کب تک عوام کے حق پر ڈاکا ڈالیں گے۔ این اے 249 کا الیکشن ہوئے کئی ماہ گزر گئے لیکن آج تک ایک بھی غیر قانونی پانی کا کنیکشن نہیں کاٹا گیا۔ میں پانی کی جو لائن بلدیہ کیلئے لایا تھا اس پر 28 ہائیڈرنٹس قائم ہیں۔ بلدیہ میں بعض علاقوں میں 1 سال میں صرف 6 گھنٹے کے لیے پانی آتا ہے۔ این اے 249 کے انتخابات میں پی ایس پی نہیں عوام ہاری ہے،وزیراعظم، وزیر اعلیٰ اور ایڈمنسٹریٹر کے ہوتے ہوئے حالات بہتر نہیں ہو رہے۔ عوام ووٹ دے رہے ہیں لیکن مسائل حل نہیں ہو رہے کیونکہ مسئلہ اختیار کا نہیں بلکہ کردار کا ہے۔ لوگ جیتنے کے بعد اپنے حلقوں میں نظر ہی نہیں آتے جبکہ ہم ہارنے کے باوجود بلا ناغہ بلدیہ میں موجود ہیں۔ باکردار لوگ ہی مسائل حل کر سکتے ہیں۔ عوام کے پاس جب بنیادی سہولیات نہ ہوں تو ناامید لوگوں کو دشمن اپنے مفاد میں استعمال کر سکتا ہے۔