دنیا کی سب سے مہنگی لکڑی جو سونے اور ہیرے سے بھی زیادہ قیمتی ہے

September 27, 2021

جب آپ کرہ ارض پر نایاب اور انتہائی قیمتی مواد کے بارے میں سوچتے ہیں تو یقیناً آپکا گمان ہیروں، پلاٹینم یا سونے کی جانب جاتا ہے لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ لکڑی کی ایک ایسی خصوصی قسم بھی ہے جو دراصل ان مذکورہ بالا تمام قیمتی اشیا سے بھی زیادہ مہنگی ہوتی ہے، جی ہاں یہ کینام کی لکڑی ہے، جو دنیا میں لکڑی کی سب سے مہنگی قسم ہے۔

یہ قیمتی معدنیات سے بھی زیادہ مہنگی ہے، اسے جاپان میں کیارا کہتے ہیں اور یہ بہت ہی نایاب قسم کی اگرووڈ ہے جو کہ پرفیوم اور اگربتی بنانے والی صنعتوں میں استعمال ہوتی ہے۔

اسکی وجہ یہ ہے کہ اس لکڑی کی خوشبو بہت تیز ہوتی ہے، جبکہ یہ جزیرہ نما عرب میں بھی عطر اور خوشبوؤں کی تیاری میں استعمال ہوتی ہے، اس لکڑی کی ایک گرام کی قیمت دس ہزار امریکی ڈالرز سے زیادہ ہوتی ہے، جس نے اسے کرہ ارض کی سب سے مہنگی لکڑی بنادیا ہے۔

کینام سے بنی ہر قسم کی اگرووڈ بہت زیادہ مہنگی ہوتی ہے، اسے الوس ووڈ، ایگل ووڈ یا عود بھی کہتے ہیں اور یہ چینیوں، جاپانیوں، بھارتیوں، عرب اور جنوب مشرقی ایشیائی ثقافتوں میں ہزاروں سال سے ایک اہم حصہ ہے۔

ویسے تو یہ ہمیشہ ہی ایک قیمتی شے رہی ہے لیکن حالیہ سالوں میں اسکی قیمت ڈرامائی انداز میں بڑھ گئی ہے۔