امریکی پولیس کی کارروائی، خطرناک نشہ آور کیمیکل برآمد

September 28, 2021

کیلی فورنیا( نیوز ڈیسک) امریکی پولیس نے منشیات کے دو اسمگلرز کو گرفتار کرکے خطرناک نشہ آور کیمیکل بھاری مقدار میں برآمد کرلیا جو کہ 5 کروڑ افراد کو موت سے ہمکنار کرنے کے لیے کافی ہے۔خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست کیلی فورنیا کے جنوب میں واقع قصبے پیرس میں پولیس حکام نے کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان 30 سالہ ایندریس جیسز مورلیس اور 27 سالہ الیسا کرسٹائن کو گرفتار کر کے ان سے 21 کلو گرام نشہ آور کیمیکل Carfentanil برآمد کرلیا، یہ مصنوعی طور پر بنایا گیا طاقت ور نشہ آور کیمیکل ہے جو ہیروئین کی تیاری میں استعمال ہونے والے کیمیکل fentanyl سے 100 گنا زائد خطرناک ہے۔ریور سائیڈ پولیس ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق ملزمان سے برآمد ہونے والے نشہ آور کیمکل Carfentanil کو خطرناک نشے ایلیفینٹ کی تیاری میں استعمال کیا جاتا ہے۔ اگر برآمد ہونے والے 21 کلو گرام کیمیکل کو کسی دوسرے نشے کے ساتھ ملایا جائے تو یہ 5 کروڑ افراد کو موت سے ہم کنار کرنے کے لیے کافی ہوگا۔پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ ملزمان سے21کلو Carfentanil کے علاوہ 4 کلو کوکین اور 1 کلو ہیروئین بھی برآمد کی گئی ہے۔