عوام پٹرول اسٹیشنز پرقطاروں کے حوالے سے کالز نہ کریں، ایسیکس پولیس

September 28, 2021

لندن (پی اے) ایسیکس پولیس فورس نے پٹرول سٹیشن پر ٹریفک قطاروں کے حوالے سے 24 گھنٹوں میں 100 سے زائد کالز موصول ہونے کے بعد عوام کو متنبہ کیا ہے کہ وہ 999 یا 101 پر صرف اسی صورت میں کال کریں جب کوئی ایمرجنسی کی صورت حال ہو یا پھر انہیں کرائم سے متعلق کوئی ایشو ہو۔ پولیس فورس کا کہنا ہے کہ وہ یہ جانتی ہے کہ صورت حال پریشان کن ہے لیکن کسی حادثے یا کرائم کے واقعے کی صورت میں ہی اسے کال کی جانی چاہئے۔ ٹریفک کی قطاریں کال کی وجہ نہیں۔ ویک اینڈ پر فورس کے کال ہینڈلنگ سینٹر کو اس صورت حال کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ چیف سپریٹنڈنٹ جینی بارنیٹ نے اکثریت کا شکریہ ادا کیا جو ضرورت پڑنے پر ہی پٹرول خرید رہی ہے اور وہ مطمئن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ قطاروں میں پھنس جانا پریشان کن ہے لیکن ہماری 999 یا 101 کے نمبرز صرف ایمرجنسیز اور کرائم یا واقعات کی رپورٹ کرنے کے حوالے سے ہی کھلے رکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کال ہینڈلرز ٹریفک کے دبائو کی کالز کو ڈیل کر رہے ہیں، جس کی وجہ سے وہ حقیقی ضرورت مندوں کی کالز موصول کرنے کے متحمل نہیں ہو پا رہے۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول حاصل کرنے کے انتظار میں طویل قطاریں پریشانی کا سبب ضرور ہیں لیکناس پر پٹرول سٹیشنز کے سٹاف کو ابیوز نہیں کرنا چاہئے جو مشکل حالات میں اپنے فرائنض انجام دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔