62سالہ ہرمندر سنگھ لندن میراتھن میں شرکت کیلئے تیار

September 28, 2021

لندن(پی اے )کورونا کاشکار ہونے والے الفورڈ کے باشندے62سالہ ہرمندر سنگھ جو کورونا کے سبب کمزوری کی وجہ سے سیڑھیاں چڑھنے اترنے سے قاصر تھے مسلسل 37ویں مرتبہ لندن میراتھن میں شرکت کیلئے تیار ہیں۔لوکل اتھارٹی کے ریٹائر ورکر ہرمندر سنگھ اس سے قبل گزشتہ برسوں کے دوران 163 میراتھنز میں شریک ہوچکے ہیں ،ان کاکہناہے کہ کورونا کاشکار ہونے کے سبب ان کاوزن 12 پونڈ کم ہوگیاہے ،انھوں نے کہا کہ میں اپنی پوری زندگی میں کبھی بیمار نہیں پڑا تھا اس لئے کورونا میرے لئے بالکل نیاتجربہ تھا۔ کورونا کا شکار ہونے کے بعد وہ ہسپتال منتقل نہیں ہوئے تھے بلکہ اپنے گھر کے بالائی حصے میں واقع مہمان خانے میں انھوں نے خود کو آئسولیٹ کرلیاتھا ،انھوں نے کہاکہ بیماری کے سبب میرے لئے سیڑھیوں سے اترنا چڑھنا اور چلنا پھرنا مشکل ہوگیا تھا اور میں نے میراتھن سے دستبردار ہونے کے بارے میں بھی سوچا لیکن پھر میں نے ہمت کی اور مقابلے میں شریک ہونے کافیصلہ کیا۔انھوں نے کہا کہ لندن میراتھن میں شرکت ان کی معمول کی زندگی پر واپس آنے کا سب سے بڑا قدم ہوگا ۔انھوں نے کہا کہ لندن میراتھن میری پسندیدہ ہے اس لئے نہیں کہ میں خود لندن کارہنے والا ہوں بلکہ درحقیقت یہ پوری دنیا کی بہترین ریس ہے۔ ہرمندر سنگھ کا میراتھن کا بہترین ریکارڈ 3گھنٹہ11 منٹ ہے تاہم انھوں نے 3 اکتوبر کوہونے والی لندن میراتھن کیلئے اپنے وقت کاکوئی ہدف مقرر نہیں کیاہے۔انھوں نے کہا کہ میں پہلی مرتبہ اتنی لمبی دوڑ میں حصہ لے رہاہوں اور دراصل میں اس سے لطف اٹھانے کیلئے اس میں شرکت کررہاہوں۔ہرمندر سنگھ لندن میں سکھوں کے دوڑ سے متعلق کلب کے سربراہ ہیں ،110 سالہ فوجہ سنگھ ان کی کوچنگ کررہے ہیں جو دنیا کے معمر ترین میراتھن رنر ہیں انھوں نے 89 سال کی عمر میں پہلی مرتبہ اور 101سال کی عمر میں آخری مرتبہ میراتھن میں شرکت کی تھی ،اس سال لندن میراتھن ان کی مجموعی طورپر 164 ویں میراتھن ہوگی وہ گزشتہ 37سال سے گریٹ نارتھ رن بھی مکمل کررہے ہیں ان کاکہناہے کہ وہ 74سال کی عمر تک ان دونوں ایونٹس میں شرکت کرتے رہنا چاہتے ہیں۔