بریڈ برن نے ہیڈ آف ہائی پرفارمنس کوچنگ کا عہدہ چھوڑ دیا

October 16, 2021

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)گرانٹ بریڈ برن نے ہیڈ آف ہائی پرفارمنس کوچنگ کا عہدہ چھوڑ دیا ہے، انہوں نے پاکستان میں اپنے 3 سالہ دور میں ستمبر 2018 سے جون 2020 تک قومی کرکٹ ٹیم کے فیلڈنگ کوچ کی حیثیت سے کام کیا، اس کے بعد انہوں نے ہیڈ آف ہائی پرفارمنس کوچنگ کا عہدہ سنبھالا۔ ان کے اس فیصلے کے بعد امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں مزید تبد یلیاں کی جائیں گی۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ اپنے روڈ میپ کے تحت نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر چلانے کے خواہشمند ہیں۔ قومی خواتین سلیکشن کمیٹی میں بھی تبدیلیوں کا امکان ہے۔ پی سی بی اعلامیہ میں کہا گیا ہےگرانٹ بریڈ برن نے ہیڈ آف ہائی پرفارمنس کی کوچنگ کا عہدہ چھوڑ دیاہے، وہ بھرپور تجربے اور مواقع فراہم کرنے پر پی سی بی کے شکر گذار ہیں۔ میں نے ہمیشہ یہاں خود کو محفوظ تصور کیا۔ اس دوران میری اہلیہ اور 3 بچوں نے بھی بہت قربانیاں دیں، کوویڈ 19 کے دوران ان کے لیے پاکستان کا سفر کرنا مشکل ہوگیا تھا لہٰذا وہ سمجھتے ہیں کہ اب اپنی فیملی کو ترجیح دینے اور کوچنگ کے نئے مواقع تلاش کرنے کا وقت ہے۔ ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان کا کہنا ہے کہ گرانٹ بریڈ برن نے مکمل دل جمعی کے ساتھ پاکستان کرکٹ کی خدمت کی اور اس دوران انہوں نے بھرپور قوت کے ساتھ مختلف آئیڈیاز پیش کیے۔