بلدیاتی سسٹم فعال ، اختیارات نچلی سطح پر منتقل کئے جائیں،لوکل کونسلز ایسوسی ایشن

October 17, 2021

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)لوکل کونسلز ایسوسی ایشن بلوچستان کے رہنمائوں نے کہا ہےکہ بلدیاتی نظام کی افادیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا ، ضرورت اس امر کی ہے کہ اس نطام کو فعال اور مستحکم بنانے کے لئے اختیارات اور وسائل کو نچلی سطح پر منتقل کرکے لوگوں کو ان کی دہلیز پر سہولیات فراہم کی جائیں ۔ان خیالات کا اظہار ایسوسی ایشن کےصدر میر عابد حسین لہڑی، محمد انور حسین ، سردار منظور احمد پرکانی ، اورنگزیب جمالدینی ، رحیم کرد ، جاوید حسنی ، عیسیٰ روشان ، یحییٰ خان ناصر ، محمد اسلم رند و دیگر نے ہفتہ کو نجی ہوٹل میں منعقدہ سالانہ اجلاس سے خطاب میں کیا ۔ اجلاس میں بلوچستان بھر سے لوکل کونسلز ایسوسی ایشن بلوچستان کے نمائندے شریک ہوئے ۔، اس موقع پر صوبائی صدر میر عابد حسین لہڑی نےانڈولمنٹ فنڈ کو مشترکہ اکاؤنٹ کے ذریعے استعمال کرنے کی اجازت حاصل کی جس کی نمائندوں نے مشترکہ طور پر اجازت دی۔مقررین نے کہا کہ دنیا بھر میں بلدیاتی نظام کو فعال کرکے ترجیحی بنیادوں پر عوام کو ان کی دہلیز پر سہولیات فراہم کی جاتی ہیں لیکن ہمارے ہاں اس بنیادی نظام کی افادیت کے ثمرات عوام تک منتقل کرنے اور اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی میں رکاوٹیں پیدا کی جاتی ہیں جس کی وجہ سے یہ سسٹم پوری طرح فعال اور مضبوط نہیں ہوسکا ،مقررین نے کہا کہ لوکل کونسلز ایسوسی ایشن چاروں صوبوں اور وفاق میں فعال ہے جس کے تحت ہم اپنے مسائل کے حل اور اس سسٹم کی مضبوطی کے لئے آگے بڑھ رہے ہیں کیونکہ تحفظات اور مسائل کو دور کرنے کے لئے ملکر ہی جدوجہد کی جاسکتی ہے ملک بھر میں بلدیاتی سسٹم کے لئے ہم نے متحد ہوکر اس نظام کی بحالی میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنا ہے اور جب تک ہم متحد ہوکر معاملات کو بہتر نہیں بناتے اس وقت تک یہ مسائل حل نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فوری طور پر بلدیاتی سسٹم کو فعال بنائے، اختیارات اور وسائل کو نچلی سطح پر منتقل کرے ۔