مریم دھوبی گھاٹ پر فوج کو زیر بحث نہ لائیں، شیخ رشید

October 17, 2021

وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ مریم نواز یاد رکھیں کہ دھوبی گھاٹ اور موچی دروازے پر فوج کو زیر بحث لائیں گی تو سیاست میں بھی ان کے ساتھ دھوبی گھاٹ والا سلوک ہوگا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے مریم نواز کو دو ٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اداروں اور سربراہوں کا نام لینا کم عقلی ہے، جوڈو کراٹے اور سیاسی اکھاڑ پچھاڑ کر کے وہ اپنی سیاسی قبر کھودیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کہیں نہیں جارہے وہ پانچ سال پورے کریں گے، نواز شریف پلان کر کے لندن گئے وہ مگر مچھ کے آنسو رو رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے ڈالر کی قیمتیں بڑھنے کی وجہ افغان حالات کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ کافی بڑی تعداد میں ڈالر افغانستان گیا ہے، چار پانچ کرنسی ایکسچینج کا آڈٹ کرارہے ہیں۔

واضح رہے کہمسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز نے فیصل آباد میں پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان منتخب نہيں سلیکٹڈ ہے، ہم تمہارے ساتھ کھڑے ہوجاتے اگر تم نے جمہوری رویہ اپنایا ہوتا۔

انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ پنڈورا پیپرز میں عمران خان کی جماعت اول نمبر پر آئی ہے۔