پیٹرول کی بڑھتی قیمتوں سے صورتحال سنگین، معاشی مشکلات میں مزید اضافہ،’’مہنگائی ختم کرو،غریبوں کو جینےدو‘‘ کے نعرے

October 18, 2021

سکھر /شکارپور/ٹھٹھہ(بیورو رپورٹ/نامہ نگاران)پیٹرول کی بڑھتی قیمتوں سے صورتحال سنگین، معاشی مشکلات میں مزید اضافہ ،مہنگائی ختم کرو، غریبوں کو جینے دو کے نعرے، سکھر مہنگائی سے پریشان والدین کی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے بچوں نے بھی حکمرانوں کو آئینہ دکھانے کے لئے احتجاج کا راستہ ختیار کرلیا، نواں گوٹھ میں بچوں نے مہنگائی کیخلاف ہاتھوں میں روٹیاں اٹھاکر احتجاجی مظاہرہ کیا، مہنگائی ختم کرو، غریبوں کو جینے دو کے نعرے لگائے۔ مظاہرے میں شامل مسعود بندھانی و دیگر نے کہا کہ مہنگائی نے ہر شخص کو پریشان کردیا ہے، پہلے والدین ضروریات کے ساتھ ہماری خواہشیں بھی پوری کیا کرتے تھے مگر اب ضروریات پوری کرنا ہی مشکل ہوتا جارہا ہے، اخراجات بڑھنے سے ہماری تعلیم بھی متاثر ہورہی ہے، حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ اپنے انتخابی وعدوں کو یاد کریں، عوام کو ریلیف فراہم کریں، مہنگائی پر قابو پانے کے لئے موثر اقدامات کئے جائیں۔ایوان صنعت وتجارت کے صدر عامر علی خان غوری نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں دو ماہ کے دوران چوتھی مرتبہ اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں کیلئے انتہائی منفی قرار دیتے ہوئے حکومت سے عوام سمیت تاجروں، صنعتکاروں کو بڑھتی ہوئی مہنگائی سے بچانے، سرگرمیوں کے فروغ کیلئے ریلیف فراہم کرنے کا مطالبہ کیاہے۔