• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کے سب سے کم عمر چیئرمین شہریار وسان کل حلف لینگے

Most Youngest Chairman Of Pakistan Sheharyar Wasan Take Oath Tomorrow
افضل ندیم ڈوگر... سندھ میں حالیہ بلدیاتی انتخابات میں ایک تازہ گریجویٹ نوجوان پاکستان کا کم عمر ترین چیئرمین منتخب ہوا ہے۔ 23 سالہ شہریار خان وسان منگل کو ضلع کونسل خیرپور کے چیئرمین کے طور پر عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

شہریار وسان سندھ میں خوابوں اور ان کی تعبیر کے حوالے سے مشہور صوبائی وزیر صنعت وتجارت منظور حسین وسان کے بھتیجے ہیں۔ ان کی دوسال کی عمر میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی گود میں تصویر بھی سامنے آئی ہے جسے وہ اپنی زندگی کا یادگار لمحہ قرار دیتے ہیں۔

وہ 25 جنوری 1994 کو ضلع خیرپور میں پیدا ہوئے ابتدائی تعلیم خیرپور سے حاصل کی۔ جس کے بعد کراچی میں کے این اکیڈمی میں داخلہ لیا۔ بعدازاں بیکن ہائوس اسکول سے او اور اے لیول کیا۔

چونکہ تعلق سیاسی گھرانے سے ہے اس لئے تعلیم کے ساتھ ساتھ شہریار خان اپنے چچا کے ساتھ سیاسی سرگرمیوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور پی پی پی میں کارکن کے طور پر متحرک رہے۔

جب بلاول بھٹو زرداری نے پیپلز پارٹی کی باگ ڈور سنبھالی اور پارٹی میں نوجوان قیادت سامنے آئی تو انہوں نے بھی متحرک ہونے کا فیصلہ کیا اور اپنی عملی سیاست ضلع کونسل خیرپور کے چیئرمین کے الیکشن سے کی۔

شہریار خان نے جنگ کو بتایا کے چند ماہ قبل انہوں نے پولیٹیکل سائنس میں گریجویشن کی تو ضلع کونسل کے الیکشن سر پر تھے جس پر انہوں نے اپنی عملی سیاست کا آغاز اسی عہدے کے انتخاب سے کیا اور ضلع کونسل خیرپور کے 129 اراکین کے ہاؤس میں سے وہ 101 ووٹ لینے میں کامیاب ہوئے ان کے مخالف امیدوار کو 24 ووٹ ملے۔

شہریار وسان منگل 30 اگست کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ جس کے بعد خیرپور ضلع میں ناخواندگی، صحت، صاف پانی کی اہم ضروت کی عدم فراہمی اور ذرائع آمدورفت کی کمی جیسے اہم مسائل ان ک توجہ کے منتظر ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ منظور وسان سیاست میں میرے استاد ہیں ، انکے خواب 90 فیصد سچے ہوتے ہیں۔تاہم وہ اپنے چچا کی طرح کے خواب دیکھنے کی ابھی جرات نہیں کرسکتے۔
تازہ ترین