• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی شہزادہ محمد بن سلمان 50 موثرترین عالمی شخصیات میں شامل

Prince Muhammad Bin Salman Name Include In 50 Famous Personalities
شاہدنعیم...امریکی نیوز ایجنسی ’بلومبرگ‘ کی جانب سے دنیا کی 50 موثرترین شخصیات کی ایک فہرست شائع کی گئی ہے جس میں سعودی عرب کے نائب ولی عہد اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان کا نام بھی شامل کیا گیا ہے۔

رپورٹ میں مختلف شعبہ ہائے زندگی بالخصوص اخبارات کے ایڈیٹرز، صحافیوں، معیشت کے شعبے سے وابستہ شخصیات، تاجروں اور سیاست دانوں کو شامل کیا گیا۔

پہلے مرحلے میں 100 عالمی موثر شخصیات کی ایک فہرست مرتب کی گئی تھی جن میں چھان پھٹک کے بعد 50 شخصیات کی حتمی فہرست جاری کی گئی۔ ان میں شہزادہ محمد بن سلمان 42 ویں موثر ترین عالمی شخصیت قرار دئیے گئے ہیں۔

یورپی یونین سے نکلنے کے فیصلے کے بعد بے چینی کے دور سے گذرنے والی برطانیہ کی وزیراعظم تھریسا مے اس فہرست میں سر فہرست ہیں۔ علاوہ ازیں دونوں امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ اور ہیلری کلنٹن بھی شامل ہیں کیونکہ دونوں دنیا کے واحد سپر پاور ملک کا صدر بننے کے خواب دیکھ رہے ہیں۔

مشرق میں چین کے صدر کو اس فہرست میں شامل کیا گیا۔ عالمی بحرانوں کا سامنا کرنے کےباوجود چینی قیادت نے اپنے ملک کو اقتصادی طور پرمتاثر ہونے سے بچالیا۔

پوری عرب دنیا سے شہزادہ محمد بن سلمان اس فہرست کا حصہ بنے ہیں۔ شہزادہ محمد بن سلمان کا "اکنامک ویژن" دنیا بھر میں پسند کیا گیا اور اس کے سعودی عرب، خطے اور پوری دنیا پر گہرے اور دور رس سیاسی، اقتصادی او تجارتی اثرات مرتب ہوں گے۔

فہرست میں گیارہ خواتین میں جرمن چانسلر انجیلا میرکل کو بھی جگہ دی گئی ہے۔ میرکل نے دو صدیوں کے بدترین بحرانوں اور پناہ گزینوں کے قضیے کے حل کے لیے موثر حکمت عملی اختیار کرنے پر اس فہرست میں شامل کیا گیا۔

حسب معمول روس کے صدر ولادیمیرپیوٹن کو بھی اپنے ملک کو سیاسی اور اقتصادی استحکام سے ہمکنار کرنے پر پچاس موثر ترین شخصیات میں شامل کیا گیا۔

ان شخصیات میں چین اور برطانیہ کے مرکزی بینکوں کے گورنر اور ایمیز ون کمپنی سمیت کئی عالمی کمپنیوں کے سربراہان شامل ہیں۔
تازہ ترین