• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹیم کی ناقص کارکردگی،ہاشم آملہ جنوبی افریقہ کی قیادت سے مستعفی

کیپ ٹاؤن (جنگ نیوز) جنوبی افریقا کے کپتان ہاشم آملا نے مسلسل خراب فارم اور ٹیم کی ناقص کارکردگی سے مایوس ہو کر ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔کیپ ٹاؤن میں انگلینڈ کے خلاف گئے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے اختتام پر انہوں نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا۔انگلینڈ کے خلاف سیریز کے آغاز سے قبل ان کی قائدانہ صلاحیتوں اور بیٹنگ فارم کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔انگلینڈ کے خلاف 201 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر انہوں نے فارم میں واپسی کا ثبوت دیا اور اپنی ٹیم کو مشکل حالات سے نکالنے میں اہم کردار ادا کیا لیکن سنسنی خیز مقابلہ ڈرا پر ختم ہوا۔ گزشتہ سال گریم اسمتھ کی جانب سے قیادت سے استعفیٰ دیے جانے کے بعد ہاشم آملا کو ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کی ذمے داریاں سونپی گئی تھیں ۔انگلینڈ کے خلاف سیریز ان کے قائدانہ کیریئر کی چھٹی سیریز تھی۔ انہوں نے سری لنکا، زمبابوے اور ویسٹ انڈیز کے خلاف ابتدائی تینوں سیریز میں کامیابی حاصل کی لیکن ایشیائی وکٹوں پر جنوبی افریقی ٹیم کی جدوجہد اور آملا کی فارم نے ان کی سابقہ محنت پر پانی پھیر دیا۔بنگلہ دیش کے خلاف بارش سے متاثرہ سیریز ڈرا پر منتج ہوئی جبکہ بھارت کے خلاف چار میچوں کی سیریز میں جنوبی افریقا کو0-3سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ اس دوران آملا کی اپنی بیٹنگ فارم بھی انتہائی تشویشناک رہی۔ پھر رواں سیریز میں انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست نے ان کیلئے مزید مسائل کھڑے کر دیے۔ آملا نے کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں مشکل حالات میں 201 رنز کی خوبصورت اننگز تراش کر اپنی فارم کے حواے سے تنقید نگاروں کو بھرپور جواب دیا۔
تازہ ترین