• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
The Prime Minister Will Give Rs 215 Million To The Cricket Team

عبدالماجد بھٹی....آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی فاتح پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے 215 ملین روپے کی رقم بطور انعام تقسیم کی جائے گی۔

پندرہ کھلاڑیوں کو فی کس ایک ایک کروڑ اور تیرہ آفیشلز کو پچاس پچاس لاکھ روپے ملیں گے،ہر کھلاڑی اور آفیشل کو الگ الگ چیک ملے گا۔ پانچ جولائی کو وزیر اعظم ہائوس میں ہونے والی تقریب کیلئے ہر کھلاڑی اور آفیشل کے لئے الگ الگ چیک بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اس سلسلے میں فنانس ڈویژن اور اکائونٹنٹ جنرل آف پاکستان کو کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے۔ جنگ کو ملنے والی دستاویز کے مطابق 21 جون کو وزیر اعظم کے سیکریٹری فواد حسن فواد نے بین الصوبائی رابطے کی وزارت کو خط تحریر کیا ہے کہ فوری طور 215 ملین روپے کی رقم ریلیز کی جائے ۔

تقریب کے پروٹوکول کے مطابق ٹیبل نمبر ایک پر کپتان سرفراز احمد، اظہر علی، احمد شہزاد، فخر زمان، بابر اعظم، شعیب ملک، حارث سہیل، محمد عامر، حسن علی، شاداب خان، رومان رئیس، محمد حفیظ، عماد وسیم ، محمد جنید خان اور فہیم اشرف بیٹھیں گے۔

اس فہرست میں ان فٹ ہونے والے بولر وہاب ریاض کا نام شامل نہیں ہے۔ ٹیبل نمبر دو پر تیرہ آفیشلز بیٹھیں گے جنہیں پچاس پچاس لاکھ روپے ملیں گے۔

ان میں منیجر طلعت علی ملک، میڈیا منیجر رضا راشد کچلو، سوشل میڈیا منیجر عون زیدی، ٹور آپریشنز انچارج شاہد اسلم، طلحہ اعجاز کرکٹ انالسٹ، ہیڈ کوچ مکی آرتھر، فزیو شین ہیز، فٹنس ٹرینر گرانٹ لوڈن، فیلڈنگ کوچ اسٹیو رکسن، بولنگ کوچ اظہر محمود، سیکیورٹی منیجر اظہر عارف، بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور م اور مساجر ڈونلڈ ڈیو شامل ہیں۔

 

تازہ ترین