• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلیوں کو مارنے کے جرم میں 16 سال قید کی سزا

امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سان ہوزے میں عدالت نے ایک شخص کو 18 بلیاں مارنے کے جرم میں 16 سال قید کی سزا سنائی ہے۔26 سالہ رابرٹ فارمر نے بلیاں چوری کرنے اور ان پر تشدد کا اعتراف کرلیاہے۔دوران سماعت بلیوں کے نام بھی پڑھ کر سنائے گئے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق رابرٹ فارمر نے یہ جرم سان ہوزے میں 2015 میں کیا تھا۔ وہ اُسی سال اکتوبر میں ایک مردہ بلی کے ہمراہ اپنی گاڑی میں سویا ہوا پایا گیا تھااور گاڑی میں بلی کے بال بھی بکھرے ہوئے تھے۔

رپورٹ کے مطابق تمام بلیاں 2015 میں سان ہوزے میں کیمبرین پارک کے علاقے میں لاپتہ ہوئیں تھیں، جن میں کئی مردہ حالت میں ملی جبکہ دو کوڑا دان میں پائی گئیں۔

رپورٹ میں ایک نیوز ویب سائٹ کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ سکیورٹی کیمرے کی ویڈیو فوٹیج میں ایک شخص کو گوگو نامی 17 سالہ بلی اٹھائے دیکھا گیا تھا۔ مقامی لوگوں نے رابرٹ فارمر کے بارے میں پولیس کو مطلع کیا۔

گوگو نامی بلی بھی اس بلیوں میں شامل تھی جو لاپتہ ہونے کے بعد دوبارہ کبھی نہ مل سکی۔

رابرٹ فارمر نے جانوروں پر ظلم کے 21 جرائم کا اعتراف کیا ہے جن میں 18 بلیوں کو جان سے مار ڈالنا اور تین کو زخمی کرنا شامل تھا۔

رابرٹ فارمر کی جانب سے وکیل نے ایک خط پڑھ کر سنایا جس میں اُس نے کہا کہ 'ایسا محسوس ہوتا ہے کہ یہ جرائم کسی اور نے کیے ہیں، لیکن میں جانتا ہوں یہ میں ہی تھا۔ یہ سمجھنا بہت مشکل ہے کہ میں نے ایسا کیا، میں نے ان کے خاندان کے افراد کو چوری کیا۔ یہ حقیقت ہے کہ میں ہوش میں نہیں تھا اور اس کی کوئی توجیح نہیں ہے۔

سانتا کلارا کاؤنٹی کی ڈپٹی ڈسٹرکٹ اٹارنی الیگزینڈرا ایلس نے یہ خط نرم دلی حاصل کرنے کی کوشش قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔

اس کے علاوہ رابرٹ فارمر کی قید کی سزا ختم ہونے کے بعد کوئی پالتو جانور رکھنے یا دیکھ بھال کرنے پر بھی دس سال تک پابندی عائد کی گئی ہے اور انہیں کیمبرین پارک کے علاقے سے دور رہنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔

تازہ ترین