• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بتایا جائے میں نے کون سی کرپشن کی ؟نوازشریف

Tell Me What Corruption Did I Do Nawaz Sharif

سابق وزیر اعظم میاں محمد نوازشریف کا کہنا ہے کہ بتایا جائے نواز شریف نے کون سی کرپشن کی؟آپ کے ووٹ کی کوئی وقعت نہیں،آپ کے ووٹ کو پیروں تلے روندا گیا،آپ کے ووٹ کاکوئی احترام نہیں کیا گیا ۔

اسلام آباد سے کارواں کی صورت لاہور کی جانب رواں دواں میاں نواز شریف کے سفر کا آج تیسرا دن ہے، انہوں نے گجرات پہنچنے پر وہاں کے عوام کے جم غفیر سے خطاب کیا، اس موقع پر ان کا مزید کہنا تھا کہ کروڑوں لوگوں نے وزیراعظم منتخب کیا، پانچ لوگوں نے رسوا کرکے باہرنکال دیا۔

انہوں نے سوال کیا کہ کیا انہیں آرام سے گھر بیٹھ جانا چاہیے یا ظلم کے خلاف لڑنا چاہیے؟میں یہ مذاق برداشت نہیں کر سکتا، کیا آپ یہ مذاق برداشت کرنے کو تیار ہیں، نواز شریف آپ کی عدالت میں حاضر ہے، میری اپیل آپ کی عدالت میں ہے، کیا آپ نے اس عدالت کا فیصلہ منظور کیا ہے، سارے پاکستان کا یہی عالم ہے، کوئی سن سکتا ہے تو سن لے، اللہ دیکھ رہا ہے جو کچھ نوازشریف کےساتھ ہورہاہے۔

نوازشریف نے کہا کہ کے پی کے کے آدمی نے کہاتھا کرائے کے عوام آتے ہیں، بتاؤ کیاتم کرائے کے عوام ہو، روز جھوٹ بولتا ہے، الزام تراشی اس کی فطرت میں ہے،جس والہانہ طریقےسے میرا استقبال کیا، گجرات والوں کو سلام، لوڈشیڈنگ والو آپ نے پاکستان کے ساتھ کیا سلوک کیا، ہم نے دن رات ایک کرکے کام کیا، اگلے سال اس ملک سے لوڈشیڈنگ رخصت ہوجائے گی۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ترقی کی رفتار تیز کی، اگر نوازشریف کو باہر نہ نکالا جاتا تو اگلے دو تین سال میں اس ملک میں کوئی بے روزگار نہ رہتا، انہوں نے کام نہیں کرنے دیا،بڑی تیزی سے فاسٹ ٹریک پرمجھے نکالا، جتنی تیزی سے میں ترقی لارہا تھا، اس سےزیادہ تیزی سے انہوں نے مجھے نکالا، مجھے بتایاجائے نوازشریف نے کونسی کرپشن کی ہے، مجھے کیوں نکالا۔

نوازشریف نے کہا کہ جن جج صاحبان نے نکالا وہ بھی کہہ رہےہیں نوازشریف نے کوئی کرپشن نہیں کی، اس لیے نکالا کہ میں نے بیٹےسے تنخواہ نہیں لی، کوئی باپ بیٹے سے تنخواہ لیتاہے کیا؟آپ جسے منتخـب کرتےہیں اسے خدمت کا موقع بھی ملنا چاہیے، یہ میرے ساتھ تیسری مرتبہ ہورہاہے، آج عدلیہ کے ہاتھوں سے حکومت توڑی جارہی ہے، کیا آپ کو اس طرح سے تذلیل منظور ہے، مجھے گھر بیٹھ جانا چاہیے یا اس ظلم کا مقابلہ کرناچاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس ملک کو بدلنا ہوگا، قوم کو بدلنا ہوگا، آج ملک میں امن قائم ہورہاہے، ملک ترقی کی جانب چل رہا ہے، اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ ملک میں ووٹ کے تقدس کا احترام ہونا چاہیے، جس کی لاٹھی اس کی بھینس نہیں ہوسکتی، ہم سب اس نظام کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں گے،میرے پیغام کاانتظار کرنا۔

گجرات آمد پرریلی کا بھر پور استقبال کیا گیا، نوازشریف کی گاڑی پر گل پاشی کی گئی ،ن لیگ کی ریلی میں پارٹی کارکنوں کا جوش و خروش نمایاں نظر آرہا تھا، کارکن رقص کرتے، پارٹی نغمے گاتے اور نعرے لگاتے رہے ،ن لیگ کی رہنما ماوری میمن بھی پرجوش کارکنوں کے ساتھ نعرےبازی میں پیش پیش رہیں۔

 

تازہ ترین