گجرات میں لالہ موسیٰ کے قریب افسوسناک حادثہ پیش آیا، جس میں سڑک کے کنارے کھڑا ایک بچہ نواز شریف کے قافلے میں شامل گاڑی کی زد میں آکر جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والا 9 سالہ بچہ حامد لالہ موسیٰ کا رہائشی تھا، جو نواز شریف کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے وہاں آیا تھا کہ ایلیٹ فورس کی گاڑی کی زد میں آکر حادثے کا شکار ہو گیا۔
بچے کے والد جو دل کے مریض ہیں انہیں بچے کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ملتے ہی دل کا دورہ پڑا ہے جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا ہے جبکہ شدت غم سے بچے کی والدہ پر سکتے کی کیفیت طاری ہے اور وہ بول بھی نہیں پا رہی ہیں۔
مذکورہ بچے کی ہلاکت کے خلاف اس کے لواحقین نے جی ٹی روڈ پر احتجاج کیا ہے اور سڑک کو بلاک کردیا۔
بچے کے چاچا کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا ہے کہ میاں نواز شریف کے پروٹوکول کی گاڑیاں گزر رہی تھیں، جبکہ بچہ سڑک پر کافی آگے تھا جو ان کی زد میں آکر گر گیا، جس کے اوپر سے گاڑی کا ٹائر گزر گیا تاہم یہ گاڑیاں رکی نہیں اور گزرتی چلی گئیں، جبکہ بچے نے تڑپ تڑپ کر جاں دے دی۔
بچے کے چچا کا الزام ہے کہ بچہ تڑپتا رہا کوئی اسے دیکھنے کے لیے نہیں رکا، حادثے میں جاں بحق ہونے والے بچے کی ماں نے انصاف کی اپیل کی ہے۔
اس حوالے سے وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ جس گاڑی سے یہ حادثہ پیش آیا ہے یہ گاڑی میاں نواز شریف کے پروٹوکول کی نہیں تھی بلکہ ایلیٹ فورس کی گاڑی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ میاں نواز شریف کی گاڑی اور ان کے ساتھ چلنے والی پروٹوکول کی گاڑیوں کی رفتار انتہائی آہستہ تھی جس کی وجہ سے اس قسم کا حادثہ پیش آنا ممکن نہیں۔
وزیر قانون پنجاب رانا ثنا نے مذکورہ واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
ڈی پی او گجرات سہیل ظفر چٹھہ کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کرلیا ہے، ڈرائیور کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بروقت بریک نہ لگنے کی وجہ سے بچہ پہلے زخمی ہوا،پھر دم توڑ گیا ۔
حادثے میں بچے کے جاں بحق ہونے پر وزیراعلیٰ پنجاب نے گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے، ان کاکہنا ہے کہ لواحقین کو ہر صورت انصاف فراہم کیاجائے گا، شہباز شریف نے ڈی پی او گجرات سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے حادثےکی جامع تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی ہے کہ ذمےداروں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے گی۔
نواز شریف نے گجرنوالہ میں جلسے کے دوران لالہ موسیٰ میں حادثے کے دوران بچے کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ انہیں اس پر بہت دکھ اور تکلیف ہوئی ہے، وہ بچے کے اہل خانہ سے ملنے ان کے گھر جائیں گے۔
سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا کہنا ہے کہ بچے کی حادثے میں موت کا سن کر بہت دکھ ہوا۔
انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مقامی قیادت کو ہدایت کی ہے کہ متاثرہ خاندان سے فوری رابطہ کریں، بچے کے خاندان کی بلاتاخیر معاونت کی جائے گی۔
Extremely sad incident of death of a child being reported. Local leadership has been asked to reach out to & assist the family without delay
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) August 11, 2017