• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تھائی لینڈ سنگل کنٹری نمائش کا کرا چی میں آغاز

Thailand Single Country Exhibition Start In Karachi

تھائی لینڈ سنگل کنٹری نمائش کرا چی میں شروع ہو گئی ،جس میں 45 سے زائد کمپنیاں شریک ہیں۔

صدر کراچی چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری شمیم فرپو، سینیٹر حسیب خان، قونصل جنرل تھائی لینڈ مسٹر سووت کائی سوک اور ڈائریکٹر ٹریڈ سینٹر ڈھاکہ تھائی لینڈ مسٹر سوبسک ڈینگ بون رؤنگ نے نمائش کا افتتاح کیا ۔

22تا 24 ستمبر جاری رہنے والی نمائش کا انتظام ایونٹ اینڈ کانفرنس انٹرنیشنل اور ڈپارٹمنٹ آف انٹرنیشنل ٹریڈ پروموشن تھائی لینڈ کی جانب سے کیا گیا ہے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری شمیم فرپو نے کہا کہ گزشتہ چند سالوں کے دوران دونوں ممالک کے سفارتی اور تجارتی تعلقات میں بہت پیش رفت ہوئی ہے،گزشتہ چند سالوں میں تجارتی حجم ایک بلین امریکی ڈالرز تک پہنچ گیا ہے جوفری ٹریڈ معاہدے کے بعد 2اعشاریہ5 بلین ڈالرزتک پہنچ جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور تھائی لینڈ میں ہوٹل اینڈ ٹورازم، تعمیرات، لیدر، زرعی انڈسٹریز وماہی گیری، پاور جنریشن، انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ اور دیگر متعدد شعبوں میں تعاون کے بھرپور مواقع موجود ہیں جن سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔

شمیم فرپوکاکہنا تھا کہ پاکستان سے تھائی لینڈ کو زیادہ تر دھاگہ، فائبرز، کیمیکل ، تیار آئل، گوشت وغیرہ ایکسپورٹ ہوتا ہے۔

قونصل جنرل تھائی لینڈمسٹرسووت کائی سوک نے اپنے خطاب میں بتایا کہ تھائی لینڈ اور پاکستان کے درمیان فری ٹریڈ معاہدہ حتمی مراحل میں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس نمائش میں 45سے زائد تھائی کمپنیوں کی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی لے رہے ہیں۔

قونصل جنرل تھائی لینڈنے مزید کہا کہ تھائی لینڈ سے پاکستان میں زیادہ تر گھریلوو کھانے پینے کی چیزیں آتی ہیں،ہماری مشروبات، ادویات، کاسمیٹکس، ہربل پروڈکٹس، موٹرسائیکل اینڈ آٹو پارٹس اورربڑ کی اشیاء یہاں آتی ہیں۔

تازہ ترین