• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شدید دھند، موٹر وے بند،پرواز اور ٹرینوں کا شیڈول متاثر

Punjab Fog Motorway Closed Flight And Train Schedule Effected

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقے اسموگ اور دھند کی لپیٹ میں ہیں، حد نگاہ کم ہوجانے کی وجہ سے موٹر وے کئی مقامات پر بند، پروازوں اور ٹرینوں کا شیڈول بھی متاثر ہوگیا۔

اسموگ پر قابو پانے کے لئے دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے، جس کے تحت فصلوں، ٹائروں اور کوڑے کو آگ لگانے پر پابندی ہوگی۔

قومی شاہراہ پر لاہور سے بہاولپور تک حد نگاہ صفر سے 20 میٹر تک رہ گئی، اکاڑہ سے میاں چنوں اور ملتان سے بہاول نگر سمیت کئی علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں، ادھر پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد ، گوجرہ تک موٹروے ٹریفک کے لیے بند ہے۔

تر جمان مو ٹروے پولیس کے مطابق نیشنل ہائی وے پراوکاڑہ سے میاں چنوں تک دھند اور اسموگ کے باعث حد نگاہ 40 سے 60 میٹر تک ہے جبکہ موٹروے پر شدید دھند ہے، موٹروے ایم تھری اور ایم فورکو ٹریفک کے لئے بند کردیا گیا ہے ۔

ترجمان کے مطابق خانیوال، ملتان موٹر وے، بابو صابو سے کوٹ مومن اور سیال موڑ تک موٹر وے بھی ٹریفک کے لئے بند کردیا ہے۔

موٹروے پولیس نے شہریوں کو اسموگ و دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز اور گاڑیوں پر فوگ لائٹوں کے استعمال کی ہدایت کی ہے۔

تازہ ترین