• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Shatrughan Sinha Criticized On Modi

بالی ووڈ کے سابق ہیرو اور بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ شتروگن سنہا نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان سے رابطوں جیسی کہانیاں نہ گڑھی جائیں، اس کی بجائے انتخابی وعدے پورے کریں۔

نریندر مودی نے گجرات کے انتخابات پر پاکستان کے اثر انداز ہونے کا الزام لگایا تھا۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے کانگریس پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ گجرات میں بے جے پی کو شکست دینے کے لیے پاکستان سے تعاون لے رہی ہے۔

ان کے اس الزام کی کانگریس نے تو سختی سے تردید کی ہی تھی تاہم اب ان کی اپنی پارٹی کے رکن شتروگن سنہا نے بھی مودی کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔

سوشل میڈیا پر اپنے مختلف پیغامات میں مودی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مودی جی، کہانیاں گڑھنے کی بجائے رہائش، ترقی، روزگار، صحت اور ترقی جیسے وعدوں کو پورا کریں اور ماحول کو فرقہ وارانہ رنگ نہ دیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کسی بھی طرح الیکشن جیتنے کے ہتھکنڈے کو چھوڑ دینا چاہیے۔ سیاسی مخالفین کے خلاف روز نئی غیر مصدقہ اور ناقابل یقین کہانیاں گڑھی جارہی ہیں اور اب پاکستان سے رابطوں کا الزام حیرت انگیز ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان نے بھی نریندر مودی کا الزام مسترد کردیا تھا اور کہا تھا کہ پاکستان کو بھارت کی داخلی سیاست میں نہ گھسیٹا جائے۔ انتخابات بے بنیاد سازشوں کی بنیاد پر جیتے نہیں جا سکتے۔

تازہ ترین