• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Psl 3 Peshawar Zalmai Sat 132 Runs Target For Karachi Kings

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) تھری کے ساتویں میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 132 رنز کا ہدف دیدیا۔

پی ایس ایل میں آج کا دن ’لو اسکورننگ‘ میچز سے بھرپور رہا، پہلے میچ میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 114رنز کا ہدف دیا تھا، جو اس نے 5وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم پر کھیلے جارہے میچ میں کراچی کنگز کے خلاف پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، اننگز کی خاص بات ڈیوین اسمتھ کی شاندار نصف سنچری رہی۔

ڈیوین اسمتھ نے5 بلند و بالا چھکوں اور4 شاندار چوکوں کی مدد سے71 رنز کی انتہائی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی اور ناٹ آئوٹ لوٹے، اس سے قبل پشاور زلمی کی اننگز کا آغاز تمیم اقبال اور عمر اکمل نے کیا۔

کراچی کنگز کو پہلی وکٹ 16 کے اسکور پر ملی،1چھکے 2 چوکوں کی مدد سے 5 گیندوں پر 12رنز بنانے والے جارحانہ مزاج بیٹسمین عمر اکمل کو محمد عامر نے پویلین کی راہ دکھائی۔

پشاور زلمی کی دوسری وکٹ 27 رنز پر گری، محتاط انداز سے اننگز کو آگے بڑھے تمیم اقبال 2چوکوں کی مدد سے 11 کے اسکور پر پہنچے تھے کہ محمد عامر نے وکٹ کیپر محمد رضوان کی مدد سے انہیں بھی قابو کرلیا۔

ون ڈائون پوزیشن پر ڈیوین اسمتھ آخر تک وکٹ پر موجود ہیں جبکہ دوسرے اینڈ سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا، مقررہ 20 اوورز میں پشاور زلمی نے 9 وکٹ کے نقصان پر 131رنز بنالئے۔

پشاور زلمی کی چوتھی وکٹ محمد حفیظ کی گری، 7 کے انفرادی اسکور پر آفریدی نے عماد وسیم کی مدد سے حفیظ کو میدان بدر کردیا۔

پشاور زلمی کی طرف سے باقی کوئی بھی کھلاڑی خاطرخواہ پرفارمنس دینے میں ناکام رہا ، حارث سہیل 1، ابتسام شیخ 2، ڈیرن سمیع 2،عمید آصف 7،جورڈن 1رنز بناکر میدان چھوڑ گئے۔

کراچی کنگز کی طرف سے محمد عامر نے شاندار بولنگ کی اور 6رنز دے کر 2اہم وکٹیں اپنے نام کیں، شاہد آفریدی نے بھی 2 کھلاڑیوں کو پویلین کا راستہ دکھایا جبکہ ملز اور محمد عرفان جونئر کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

پشاور زلمی کے دو کھلاڑی ابتسام شیخ اور کپتان ڈیرن سیمی رن آئوٹ ہوئے۔

تازہ ترین