• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بنگلادیش کیخلاف فخر زمان کو ڈراپ کر دینا چاہئے، اقبال قاسم

پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی کے سابق سربراہ اقبال قاسم کہتے ہیں کہ لارڈز میں 5جولائی کو بنگلا دیش کے خلاف اہم میچ میں فخر زمان کو ٹیم میں شامل کرنے سے گریز کرنا چاہئے۔

65سالہ اقبال قاسم جیو نیوز کے پروگرام’ اسکور‘ میں گفتگو کررہے تھے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کی 2019ء ورلڈ کپ میں کارکردگی پر سوال کا جواب دیتے ہوئے سابق ٹیسٹ کرکٹر کا کہنا تھا کہ سلیکشن کے معاملات پر تحفظات درست ہیں، ورلڈ کپ جیسے اہم ٹورنامنٹ میں ٹیم کو منتخب کرنے میں غیر ضروری تاخیر سمجھ سے باہر ہے۔

اقبال قاسم نے 1987ء میں بنگلور ٹیسٹ میں بھارت کے خلاف میچ میں 121 رنز دے کر 9 وکٹ کی پرفارمنس دے کر پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

اُن کا کہنا ہے کہ لارڈز میں بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں اوپنر فخر زمان کو ڈراپ کر کے فاسٹ بولر محمد حسنین کیساتھ میدان میں اترنا چاہئے۔

بنگلادیش کیخلاف فخر زمان کو ڈراپ کر دینا چاہئے، اقبال قاسم
سابق لیفٹ آرم ٹیسٹ اسپنر اقبال قاسم

بائیں ہاتھ کے سابق ٹیسٹ اسپنر کہتے ہیں کہ بنگلا دیش کی ٹیم کے خلاف جیت ضروری ہے اور اس کے لئے سرفراز احمد کو فاسٹ بولرز پر انحصار کرنا چاہئے، کیوں کہ بنگلا دیش کی ٹیم فاسٹ بولرز پر نسبتاً کمزور کھیلتی ہے، ایسے میں محمد حسنین کی موجودگی مخالف بیٹسمینوں کے لئے پریشانی کا سبب بن سکتی ہے۔

فخر زمان کے بارے میں اقبال قاسم کا موقف تھا کہ ان کی صلاحیت پر کوئی شبہ نہیں، تاہم ورلڈ کپ میں فخر زمان توقعات پر پورا نہیں اترے۔

تازہ ترین