مائیکرو سافٹ کے بانی اور دنیا کے امیر ترین افراد میں سے ایک بل گیٹس کی بیٹی جنیفر گیٹس کی شادی میں 20 لاکھ ڈالرز یعنی 34 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد کا خرچ آیا۔
بل گیٹس کی بیٹی جینیفر گیٹس نے نیویارک میں اپنے مصری دوست سے شادی کرلی ہے۔
رپورٹس کے مطابق اس جوڑے کی بڑی بیٹی جینیفر اپنے دیرینہ دوست نائل نصر کے ساتھ ہفتے کے روز نیو یارک میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئی تھی۔
عرب ویب سائٹ کے مطابق جوڑے نے پہلے ایک خفیہ مسلم تقریب کا انعقاد کیا جس میں والدین بھی شریک تھے۔
بیٹی کی شادی کے موقع پر طلاق کو حتمی شکل دینے کے تقریباً تین ماہ بعد بل گیٹس اور میلنڈا کو پہلی بار اپنی بیٹی کی شادی کی تقریبات میں ایک ساتھ دیکھا گیا۔
27 برس تک رشتۂ ازدواج میں منسلک رہنے کے بعد رواں برس مئی میں راہیں جدا کرنے والا جوڑا بیٹی کی خوشی میں شامل ہوا اور اس کے ساتھ ساتھ دکھائی دیا۔
دوسری جانب بل گیٹس کی بیٹی اور کروڑ پتی مصری مسلمان نوجوان کے تعلقات کی خبریں 2017 میں سامنے آئی تھیں اور اس وقت ہی یہ چہ مگوئیاں ہوئی تھیں کہ جلد ہی دونوں شادی کرلیں گے۔