• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹیکس کی ادائیگی کیلئے نیا اور جدید سسٹم متعارف کرائیں گے، طارق مصطفیٰ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو طارق مصطفیٰ نے کہا ہےکہ ٹیکس کی ادائیگی کیلئے ایف بی آر کے آن لائن سسٹم آئریس(IRIS) کو تبدیل کرکے نیا جدید اور لائق سسٹم متعارف کرائیں گے جس میں ہر طرح کے ٹیکس کی ادائیگی ایک ہی جگہ پر با آسانی کی جاسکے گی، ایف بی آر کی پالیسی نہیں کہ ٹیکس دہندگان پر مزید بوجھ ڈالا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورنگی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے عہدیداران اور ممبران سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب میں کاٹی کے صدر سلمان اسلم، کائیٹ کے سی ای او زبیر چھایا، ٹیکس لائیژن کمیٹی کے چیئرمین مسعود نقی، سینئر نائب صدر ماہین سلمان، سابق صدور سلیم الزماں، طارق ملک، ، راشد صدیقی، جوہر قندھاری سمیت دیگر اراکین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ چیف کمشنر آر ٹی او طارق مصطفیٰ کا کہناتھا کہ کاٹی نے جن مسائل پر توجہ دلائی وہ نہ صرف ریجنل ٹیکس آفس کی بہتری بلکہ اس سے ایف بی آر کو فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ 2013 کے بعد ٹیکس ریفنڈ کی ادائیگیاں تعطل کا شکار تھیں۔ موجودہ سسٹم کے تحت اب ریفنڈ کا کوئی مسئلہ نہیں جدید خود کار نظام کے ذریعہ اب ریفنڈ فوری طور پر ادا ہوجاتے ہیں، بلکہ ریفنڈز کی ادائیگی نہ ہونے پر ہم جواب دہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ کاٹی کے ممبران ایف بی آر سے متعلق اپنی کسی بھی شکایت کیلئے رابطہ کر سکتے ہیں، میرے دروازے تمام ممبران کیلئے کھلے ہیں۔ اس سے قبل کاٹی کے صدر سلمان اسلم نے چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو طارق مصطفیٰ کی کاٹی آمد پر خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ نادہندگان کے اکاؤنٹ منجمد کرنے کی اطلاعات پر صنعتکار تشویش کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹیکس میں اضافہ کیلئے دائرہ کار کو وسیع کرنے کی ضرورت ہے، ٹیکس دہندگان کو ہراساں کرنے سے محصولات میں اضافہ ممکن نہیں۔

بزنس سے مزید