• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید کی محمد احسن انتو پر بھارتی تشدد کی مذمت

چیئرمین کشمیر کونسل یورپین یونین (ای یو) علی رضا سید نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کے علمبردار محمد احسن انتو پر بھارتی تشدد کی مذمت کی ہے۔

واضح رہے کہ انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس جموں و کشمیر کے چیئرمین محد احسن انتو کو گذشتہ روز بارہ مولہ کے علاقے میں بھارتی سیکیورٹی فورسز نے بری طرح جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا۔

اپنے ایک بیان میں علی رضا سید نے کہا کہ محمد احسن انتو ایک ممتاز کشمیری مدبر اور دانشور ہیں اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کے علمبردار تصور کیے جاتے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ ان کا جرم یہ ہے کہ وہ بھارتی مظالم کی نشاندہی کرتے ہیں اور بھارتی ظلم و ستم کے خلاف آواز بلند کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت ظلم و تشدد جیسے ظالمانہ ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کی تحریک کو دبا نہیں سکتا۔

علی رضا سید نے مزید کہا کہ ہم کشمیریوں پر بھارتی مظالم کو عالمی سطح پر بے نقاب کرتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے عالمی اداروں کو مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی تشدد کے خلاف آواز بلند کرنی چاہیے۔

یاد رہے کہ احسن انتو کا شمار ان شخصیات میں ہوتا ہے جو وقتاً فوقتاً عالمی سطح پر کشمیریوں کے حق میں اور بھارتی ظلم و ستم کے خلاف آواز بلند کرتے رہتے ہیں۔

وہ برسلز میں کشمیر کونسل ای یو کے بھارتی مظالم کے خلاف احتجاجی مظاہروں سے فون پر بھی خطاب کرچکے ہیں۔

تازہ ترین