• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ سے خورشید شاہ کی ضمانت پر رہائی سچ کی فتح ہے، محسن باری

ہیلی فیکس(زاہدانور مرزا) پاکستان پیپلز پارٹی برطانیہ کے صدر محسن باری ، مذہبی اُمور کے صدر علامہ قاری محمد عباس ، بھٹو شہید ایوارڈ کمیٹی کے چیف آرگنائزر آصف نسیم راٹھور اور پی پی پی مڈلینڈ کے صدر چوہدری شاہ نواز نے مشترکہ بیان میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید شاہ کو سپریم کورٹ آف پاکستان کی طرف سے ضمانت پر رہائی ملنے پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ سلیکٹڈ حکومت نے بغض و عناد اور بدنیتی کی بنا پر نیب کے ساتھ مل کر خورشید شاہ کو ڈھائی سال کا طویل عرصہ بے جا قید میں رکھ کر بدترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا، خورشید شاہ کے علاوہ ان کے بیٹوں اور بیویوں کو بھی آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے بہانے ہٹ دھرمی اور ضد کی بنا پر سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ سلیکٹڈ حکمرانوں کے تمام بدترین سلوک اور مختلف حربوں کے باوجود پاکستان پیپلز پارٹی کے نظریاتی جیالے سید خورشید احمد شاہ کو جھکایا نہ جاسکا، کرپشن کے جعلی مقدمات کی آڑ میں خورشید شاہ کو دراصل جمہوریت کیلئے قربانی اور پاکستان پیپلز ہارٹی سے وفاداری کی سزا دی گئی،پی ٹی آئی کی حکومت نے اپنے خلاف حق بات کہنے کی پاداش میں خورشید شاہ کی طاقتور آواز کو دبانے کی بھرپور کوشش کی۔ حکومت بھول گئی کہ ان جیالوں نے بڑے بڑے ظالموں کا مقابلہ کیا ہے، ڈکٹیٹرز کی طرف سے جیالوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے گئے، جیلوں اور کوڑوں کے تکلیف دہ عذاب کو برداشت کرنے کے باوجود ثابت قدم رہے ،یاد رکھیں بہت جلد اس حکومت کا بھی احتساب ہونے والا ہے، حکومت اور اس کے وزراء کہتے ہیں کہ آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی بنا پر انکوائری ہو رہی ہے ، عمران خان سمیت اس کے تمام وزراء کے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیوں نظر نہیں آتے، تین سال میں اس حکومت کے وزراء کی کھلم کھلا کرپشن ، چوری اور فراڈ کیوں نظر نہیں آتے، اُن پر کیس کیوں نہیں بنے اور انہیں جیلوں میں کیوں نہیں ڈالا گیا۔اتنے بڑے بڑے ڈاکے مارے گئے اور ملک کو بے دردی سے لوٹا گیا وہ اسی طرح آزاد دندناتے پھر رہے ہیں ،یاد رکھیں سدا بادشاہت رب ذوالجلال کی ہے،کوئی ہمیشہ تخت نشیں نہیں رہے گا، آپ کا بھی احتساب ہوگا ۔ خورشید شاہ کی ضمانت سے پیپلزپارٹی کے خدشات درست ثابت ہوئے ہیں ، حکومت اداروں کو اپوزیشن کے خلاف غیر قانونی طور پر استعمال کر رہی ہے۔ سپریم کورٹ کا فیصلہ حق اور سچ کی فتح ہے ، خورشید شاہ کو بغیرکسی جرم اور گناہ کے 2019 سے پابند سلاسل کیا ہوا تھا ، نیب خورشید شاہ کے خلاف کچھ بھی ثابت نہیں کر سکایہ ظُلم اور زیادتی ہے۔

تازہ ترین