• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپیکر اسد قیصر کا والد کے نام سے فلاحی تنظیم قائم کرنے کا اعلان

اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی ) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہےکہ ملک میں فلاحی کام کرنیوالے افراد قوم کے ہیرو ہیں ۔ ان افراد کی معاشرے کے متوسط طبقے کی بحالی اور انہیں معاشرے کا کار آمد افراد بنانے کیلئے خدمات قابل ستائش ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج کی تقریب کا مقصد ہمارے ہیروز فلاحی تنظیموں کے سربراہان کو خراج تحسین کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ امجد ثاقب، سابق ایئر کموڈور شبیر احمد، چوہدری اختر کے مثالی فلاحی کام قابل قدر ہیں، ان کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔فلاحی تنظیم رشد میموریل ویلفیر ٹرسٹ، کورٹ اور اخوت فاؤنڈیشن نےفلاحی کام اور انسانیت کی خدمت کر کے اعلیٰ مثال پیش کی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی برائے خصوصی افراد کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ فلاحی کام کرنے والے انسان ہی اپنی زندگی کا مقصد پورا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا ان فلاحی تنظیموں کے کام سے متاثر ہو کر میں آج اپنے والد سردار بہادر خان میمویل ٹرسٹ بنانے کا اعلان کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ زندگی میں سب سے زیادہ سکون دوسرے کی خدمت کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ تقریب کا مقصد ان قومی ہیروز جہنوں نے انسانیت کی خدمت کی بہترین مثال قائم کی ان کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا۔ فلاحی تنظیم کورٹ کے سربراہ چوہدری اختر نےتقریب سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئےکہا کہ یتیم خانے کا تصور اس لیے ختم کیا کہ یتیم بچوں کو عزت سے پکارنا تھا۔ سابق وائس ایئر کموڈور شبیر احمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زندگی دوسرے کے لیے جینے کا نام ہے اور زندگی بہت مختصر ہے یہ ایک بار ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مختصر زندگی میں انسانیت کی خدمت کر کہ اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل کریں۔ اخوت فاؤنڈیشن کے سربراہ ڈاکٹر امجد ثاقب نے کہا کہ اخوت اپنی ذات سے ہٹ کر کسی دوسرے کی زندگی کو خوشگوار بنانے کا نام ہے۔انہوں نے کہا کہ اخوت ایثار اور قربانی اور بے سہارا انسان کی زندگی کا سہارا دینا کا نام ہے۔انہوں نے کہا کہ اپنے محلے یا پڑوسی کے ساتھ دکھ اور خوشیاں بانٹے تو سمجھ لیں کہ آپ نے زندگی کا مقصد حاصل کر لیا۔
تازہ ترین