• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان ٹیم بہت مضبوط، کبھی بھی میچ پلٹنے کی اہل ہے، ویرات کوہلی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کا کہنا ہے کہ پاکستان سے میچ کیلئے ذہن میں بارہ کھلاڑی ہیں ، ٹیم کا اعلان میچ سے قبل ہی کریں گے۔ کھلاڑیوں کے رول کاعلم ہے، متوزان ٹیم اتاریں گے۔ پاکستان کا میچ عام میچوں کی طرح ہے ، غیر ضروری دبائو نہیں لینا چاہتے ہیں۔ ہفتے کو پریس کانفرنس میں انہوں نے پاکستان ٹیم بہت مضبوط قرار دیتے ہوئے کہاکہ اس میں بہت اسٹرنتھ ہے، ایسا ٹیلنٹ ہے جو میچ تبدیل کر سکتا ہے۔ ہم نے یہ کبھی ڈسکس نہیں کیا کہ پاکستان کے خلاف ہمارا کیا ریکارڈ رہا ہے اس سے توجہ ہٹ جاتی ہے ۔ ہمارا فوکس کھیل ہونا چاہیے ، اچھی کرکٹ کھیلی ہے تو جیتتے آئے ہیں، اب بھی اچھا کھیلنا ہے ۔ میں ہمیشہ پاکستان ٹیم کو مضبوط مانتا ہوں، ہمیں ایک پلان کے مطابق میدان اترنا پڑتا ہے ماضی کے ریکارڈز کی بجائے ہمیں اس دن اچھا کھیلنا ہے۔ ہر میچ میں تیاری کے ساتھ جاتے ہیں ہر اپوزیشن کے مطابق ہمارا پلان ہوتا ہے ۔ یہ نہیں دیکھتا کہ ہماری بولنگ اب مضبوط ہے۔ اگرہماری بولنگ کمزور ہوتی تو ہم ماضی میں بھی نہ جیتتے ۔ انہوں نے کہا کہ پاک بھارت میچ کا ماحول مختلف ہوتا ہے لیکن ہمارا فوکس کھیل پر ہوتا ہے میدان سے باہر بہت کچھ ہو رہا ہوتا ہے لیکن ہمارا مائنڈ سیٹ تبدیل نہیں ہوتا ۔ ورلڈ کپ پر فوکس کرنا چاہتا ہوں، کپتانی چھوڑنا کا فیصلہ کیوں کیا اس بارے میںبتاچکا ہوں۔ امید ہے کہ ٹورنامنٹ کی پچ آئی پی ایل سے بہتر ہوں گی۔

تازہ ترین