• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

T-20، بھارت کیخلاف تاریخی فتح، ورلڈ کپ فارمیٹ میں پہلی بار 10 وکٹوں سے بدترین شکست، گرین شرٹس کی شاندار کامیابی، ملک بھر میں جشن

بھارت کیخلاف تاریخی فتح


کراچی(اسٹاف رپورٹر، جنگ نیوز)T-20، بھارت کیخلاف تاریخی فتح،ورلڈ کپ فارمیٹ میں پہلی بار 10وکٹوں سے بدترین شکست، گرین شرٹس کی شاندار کامیابی، ملک بھر میں جشن،شاہین آفریدی کا تباہ کن بولنگ اسپیل ، بھارتی کپتان کوہلی اور اوپنرز کو پوولین واپس بھیجا۔

بابر اعظم اور رضوان کی ریکارڈ اوپننگ،میچ ختم ہونے سےقبل ہی اسٹیڈیم بھارتی تماشائیوں سے خالی،پاکستان نے 152رنز کا ہدف بغیر وکٹ گنوائے باآسانی 17.5 اوورز میں حاصل کرلیا۔

3اہم وکٹیں لینے پرشاہین آفریدی مین آف دی میچ حسن علی کی 2، شاداب اور حارث کی ایک ایک وکٹ ،کئی ریکارڈز پاکستان کے نام، کوہلی کی بابر کو داد، رضوان کو گلے لگالیا۔

پاکستان کی جیت پرصدر، وزیر اعظم، آرمی چیف اور اپوزیشن رہنمائوں کی مبارکباد،مقبوضہ کشمیر میں بھی پاکستان کی جیت کا جشن، بھارت میں صف ماتم،قومی کرکٹ ٹیم کا دوسرا میچ منگل کو نیوزی لینڈ سے شارجہ میں ہوگا۔ 

تفصیلات کےمطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شاہین شاہ آفریدی کے تباہ کن بولنگ اسپیل کے بعد کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر محمد رضوان کی ریکارڈ شراکت کے باعث پاکستان نے بھارت کو 10وکٹ کی عبرت ناک شکست سے دوچار کرکے تاریخ بدل دی۔

پاکستان نے بھارت کو پہلی بار ورلڈ کپ مقابلوں میں شکست دی،بولنگ کے بعد بیٹنگ لائن کی نا قابل یقین کارکردگی نے بھارتی غرور خاک میں ملا دیا اور ورلڈ کپ کا آغاز پر اعتماد انداز میں کیا، 31رنز کے عوض تین وکٹ لینے والے شاہین شاہ آفریدی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، پاکستان نے 13گیندیں پہلے ہی ہدف بغیر کسی نقصان کے حاصل کر لیا۔ 

شاہین شاہ نے پہلے اسپیل میں دو دوسرے اسپیل میں کوہلی کی وکٹ حاصل کی،بھارت نے کپتان ویرات کوہلی کی شاندار 57 اور رشبھ پنت کے 39رنز کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ پر 151رنز بنائے۔ پاکستان نے 152 رنز کا ہدف باآسانی حاصل کیا، بابر اعظم نے 68 اور رضوان نے 78رنز بنائے۔

بابراعظم نے 40 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کی جب کہ محمد رضوان نے 41گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی ،دونوں بیٹسمین کسی بولر کو خاطر میں نہ لائے اور بھارتی ٹیم کو ایسی شکست دی جسے وہ مدتوں یاد رکھیں گے۔اننگز کے دوران بابر اعظم نے2چھکے اور6چوکے اور محمد رضوان نے3چھکے اور 6چوکےلگائے۔

قبل ازیں اتوار کو دبئی اسٹیڈیم میںبابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بولروں کو آزمانے کا فیصلہ کیا،کوہلی نے49گیندوں پر 5چوکے اور ایک چھکا مارا،وکٹ کیپر پنت نے2چھکے اور 2چوکے مارے، ویرات کوہلی نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 45 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی تاہم شاہین نے انہیں 57 رنز پر پویلین واپس بھیج دیا۔ 

بھارتی سورماوں کو ٹی ٹوئنٹی میں پہلی بار کسی ٹیم نے 10وکٹ سے شکست دی،اس سے قبل سنہ 2012 میں ڈیوڈ وارنر اور شین واٹسن نے 133رانز کی شراکت قائم کی تھی، بھارت کیخلاف پاکستان کی بہترین شراکت کا ریکارڈ 106 رنز تھا جب 2012میں محمد حفیظ اور شعیب ملک نے چوتھی وکٹ پر 106 رنز بنائے تھے،اس میچ سے قبل ورلڈ کپ میں پاکستان کی سب سے بڑی شراکت 142رنز تھی۔ 

سلمان بٹ اور کامران اکمل نے 2010 میں بنگلہ دیش کیخلاف 142رنز کئے تھے،دبئی میچ سے قبل بھارت اور پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پانچ میچز کھیلے ہیں اور پاکستان کو پانچوں میں شکست ہوئی تھی،مجموعی طور پر بھارت اور پاکستان نے 8ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے تھےجن میں سے پاکستان نے صرف ایک میچ میں جیت حاصل کی ہے،یہ پاکستان کی دوسری فتح تھی۔

بابر اعظم کی قیادت میں پہلی بار پاکستانی ٹیم بھارت کے خلاف میچ کھیل رہی تھی۔دبئی اسٹیڈیم میں 18ہزار تماشائیوں میں اکثریت بھارتیوں کی تھی لیکن پندرہویں اوور کے بعد بھارتی تماشائی دلبرداشتہ ہوکر گھروں کو روانہ ہوگئے۔

کپتان ویرات کوہلی نے اسپورٹس مین اسپرٹ دکھائی اور بابر اعظم کو داد دی اورمحمد رضوان کوگلے لگایا،بھارتی ٹیم کو سپورٹ کرنے کے لئے بولی ووڈ اسٹار اکشے کمار،پریتی زنٹا،کئی سرکردہ حکومتی شخصیات دبئی پہنچی تھیں انہیں ٹیم کی کارکردگی پر سخت مایوسی ہوئی۔ 

پاکستانیوں نے رات گئے تک دبئی، شارجہ، ابوظبی، العین اور دیگر ریاستوں میں جیت کا جشن منایا جبکہ بھارتی سڑکوں سے غائب ہوگئے،چند روز سے بھارت جیت کے دعوےکررہا تھا لیکن ان کا جشن سوگ میں تبدیل ہوگیا۔ یہاں کراچی سمیت پورا ملک خوشی سے فائرنگ،پٹاخوں اور آتش بازی سے گونج اٹھا،نوجوان جیت کا جشن مناتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے رہے۔

بعض سڑکوں پر منچلے دیوانہ وار رقص کررہے تھے، کئی مقامات پر خواتین بھی رقص کرتی ہوئی نظر آئیں، شہری بغل گیر ہوکر مبارک باد دیتے رہے۔دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں بھی پاکستان کی جیت کا جشن منایا گیا جبکہ تاریخی و بدترین شکست پر بھارت میں صف ماتم بچھ گیا۔

دوسری جانب دنیا بھر میں جہاں جہاں پاکستانی مقیم ہیں وہاں پاکستان کی جیت کی خوشی میں اوورسیز پاکستانیوں نےبھنگڑےڈالے ، جشن منایا اورمٹھائیاں تقسیم کیں۔ یہاں پاکستان کی زبردست شکست پر صدر، وزیراعظم، آرمی چیف اور اپوزیشن رہنمائوں کی جانب سے مبارکباد کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

دبئی میں کھیلے گئے میچ میں بھارت کے خلاف شاندار کامیابی پر صدر مملکت عارف علوی نے ایک پیغام میں کہاکہ گرین شرٹس مبارک ہو، گرین شرٹس نے مکمل صفایا کر دیا، 10وکٹوں سے فتح پاکستان کے نام، قوم کو آپ پر فخر ہے،آپنےایک اچھا کھیل پیش کیا۔ صدر مملکت نے محمد رضوان اور بابر اعظم کی شاندار بیٹنگ کی بھی تعریف کی اور کہا کہ مکمل تسلط دیکھ کر کتنی خوشی ہوتی ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نےایک پیغام میں پاکستان کی تاریخی فتح پر ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئےکپتان بابر اعظم ، محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی کی تعریف بھی کی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ خاص طور پر کپتان بابراعظم کو ٹیم کی قیادت پر مبارکباد دیتا ہوں، بابر نے فرنٹ سے لیڈ کیا، رضوان اور شاہین آفریدی نے بھی شاندار کارکردگی دکھائی، پوری قوم کو آپ پر فخر ہے۔ 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل بابر افتخار کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف کا کہنا ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم نے ہم سب کا سر فخر سے بلند کردیا ہے،ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے بھی پاکستان کرکٹ ٹیم کو بھارت کے خلاف تاریخی فتح پر مبارک باد دی ہے۔ 

اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کا کہنا ہے کہ ویلڈن ٹیم گرین، سب کو بہت مبارک ہو،کیا میچ تھا کہ دونوں ٹیموں کا کوئی میچ نہیں تھا۔ مریم نواز نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان معرکہ خوب رہا۔چیمپئنز نے کمال جیت سمیٹی۔

چیئرمین پی پی بلاول بھٹو نے کہا بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین آفریدی سمیت پوری پاکستانی ٹیم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈکپ میں روایتی حریف بھارت کو شکست دے کر قومی ٹیم نے ہر پاکستانی کا سر فخر سے بلند کردیا۔ ادھر ملک کی دیگر اہم شخصیات نے بھارت کے خلاف میچ میں پاکستانی ٹیم کی کامیابی پر کھلاڑیوں کو مبارک باد دی ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، گور نر سندھ عمران اسماعیل، سابق صدر آصف علی زرداری ، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ، وزیر داخلہ شیخ رشید احمد، وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق، بین الصوبائی رابطے کی وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا ، ایم کیو ایم کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ،ڈاکٹر فاروق ستار، صوبائی وزراء ناصر حسین شاہ، سعید غنی، شہلا رضا، ایدمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب ، ایم ڈی کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ انجینئر اسد اللہ خان نے قومی ٹیم کی بھارت کے خلاف کامیابی کو قابل فخر قرار دیا اور کہا کہ کپتان بابر اعظم اور ان کی ٹیم نے پاکستان کا سر فخر سے بلند کردیا۔ 

علاوہ ازیں پاک بھارت میچ کے موقع پر شہر کی مساجدوں میں مغرب اور عشاء کی نماز میں پاکستانی ٹیم کی بھارت کے خلاف کامیابی کے لئے خصوصی دعائیں بھی مانگی گئیں۔

تازہ ترین