اسلام آباد (کامرس رپورٹر) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ تعمیراتی صنعت کے پیکج میں توسیع کے لئے قومی اسمبلی سمیت ہر متعلقہ فورمز پر آواز اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم تعمیراتی شعبے میں خاص دلچسپی لے رہے ہیں اسی لئے انہوں نے تعمیراتی انڈسٹری کیلئے ایک پرکشش پیکج کا اعلان کیا تھا جس کے نتیجے میں پورے ملک میں بڑے بڑے تعمیراتی منصوبے شروع ہوئے ہیں۔ اس پیکج کو مزید توسیع دینے کیلئے قومی اسمبلی سمیت ہر متعلقہ فورم پر آواز اٹھائیں گے تاکہ مزید سرمایہ کار اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ گلبرگ گرین اسلام آباد جیسے تعمیراتی منصوبے خیبر پختونخوا سمیت دیگر صوبوں میں بھی شروع ہونے چاہئیں تاکہ عوام کو بہتر لائف سٹائل میسر آئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلبرگ گرین اسلام آباد کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر، سینئر نائب صدر جمشید اختر شیخ، نائب صدر محمد فہیم خان، فائونڈر گروپ کے چیئرمین میاں اکرم فرید، چیمبر کے سابق صدور محمد اعجاز عباسی، خالد اقبال ملک، شیخ عامر وحید اور باسر دائود سمیت دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔